آفات کے خطرات کو کم کرنے کے اقدامات پر کرن رجیجو کا اظہار اطمینان

Kiren Rijiju_NDRF

نئی دہلی، ۷ مارچ: امور داخلہ کے وزیر مملکت جناب کرن رجیجو نے کہا ہے کہ آفات کے خطرات کو کم کرنے کی کوشش جتنی زیادہ ہو گی، آفات کے بعد اس کے بندوبست کی کارروائی میں اتنی ہی کم کوشش کرنے کی ضرورت ہو گی۔ قومی آفات بندوبست دستہ ( این ڈی آر ایف) کے ذریعہ ” قومی بندوبست کی صلاحیت کی مضبوطی“ کے موضوع پر یہاں منعقدہ قومی ورک شاپ کی اختتامی تقریب سے آج یہاں خطاب کرتے ہوئے جناب رجیجو نے کہا کہ ایشیائی خطے میں آفات کے خطرات کو کم کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کے نامزد چیمپئن کے طور پر ملک میں آفات کے خطرات کو کم کرنے ( ڈی آر آر ) کے کام پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے اندر اور اس کی سرحدوں کے باہر آفات کے خطرات کو کم کر نے کے لئے حکومت ہند نے قابل ذکر اور ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

وزیر موصوف نے مزید کہا کہ آفات کے خطرات کو کم کرنے کی سمت میں پہلے قدم کے طور پر ملک کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ قدرتی بساوٹیں متاثر نہ ہوں ۔ فطرت سے ہم آہنگ نظام قائم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ زور ایسے گھروں کی ڈیزائننگ پر ہونا چاہیئے، جو زلزلوں کا سامنا کر سکیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ ضرورت سے زیادہ استعمال کرکے فطرت کو زک نہ پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو قدرتی آفات کا شدید خطرہ لا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد اسباب کے سبب خطرات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ ان اسباب میں غیر منصوبہ بند اور ناقص طریقے پر انسانی بساوٹوں کا قیام ، مکانات تعمیر کرنے کے غیر محفوظ طریقے ، حد درجہ گھنی آبادی وغیرہ شامل ہیں۔

جناب رجیجو نے کہا کہ حکومت محض اپنے طور پر ان چیلنجوں کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح کی متعدد آفات بندوبست اتھارٹیز ، این ڈی آر ایف ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، تعلیمی ادارے ، غیر سرکاری تنظیمیں اس کام میں سرگرمی سے لگی ہوئی ہیں اور بہتر نتائج کی برآمدگی کے لئے ہمیں ان کوششوں میں تال میل قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت نے وارانسی اور ایٹا نگر میں این ڈی آر ایف کی مزید دو بٹالین متعارف کرانے کا درست فیصلہ کیا ہے ، جنہیں پابندی وقت کے ساتھ روبہ عمل لایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر جناب رجیجو نے این ڈی آر ایف کے ویب پورٹل اور ”بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ“ سے متعلق ایک ملک گیر مہم ”میں تلسی تیرے آنگن کی“ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے این ڈی آر ایف سے متعلق ایک کافی ٹیبل بک کا اجرا بھی کیا اور بہترین خدمات کے لئے این ڈی آر ایف کے عملے کو تمغوں سے بھی نوازا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *