بہار کے مزدوروں کی موت سے وزیر اعلیٰ کو صدمہ

پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کرناٹک کے کلبرگی میں جمعرات کو دیررات سیمنٹ فیکٹری میں ہوئے حادثہ میں بہار کے چھ مزدوروں کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مہلوکین کے اہل خانہ کے سے اپنی ہمدردی ظاہر کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے محکمۂ محنت وسائل کو ہدایت دی ہے کہ وہ واقعہ کی تفصیلی معلومات حاصل کر کے محکمہ جاتی التزام کے مطابق مہلوکین کے اہل خانہ کو ہوئے نقصان کی تلافی اور معاوضہ کی رقم دینے کی کارروائی ہر حال میں یقینی بنائے ۔

وزیر اعلیٰ نے اس حادثہ میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ کلبرگی میں سیمنٹ کی ایک زیر تعمیر فیکٹری میں جمعرات ، ۲؍ اگست کو دیر رات کرین کے گرنے سے بڑا حادثہ رونما ہوا۔ کرین کے نیچے دب جانے سے چھ مزدوروں کی موقع ہی پر موت ہوگئی۔ ایک مزدور کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ حاثہ کی خبر ملتے ہی کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے پولیس اور انتظامیہ کو فوراً جائے حادثہ پر پہنچنے اور راحت اور بچاؤ کا کام کرنے کی ہدایت دی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جس وقت مزدور کرین پر چڑھ کر کام کررہے تھے، اسی دوران تیز آندھی کے ساتھ بارش بھی ہونے لگی ۔ اس سے پہلے کہ مزدور سنبھلتے، کرین دھنس گیا اور اس کا اوپری حصہ ٹوٹ کر گیا جس میں سبھی مزدور دب گئے۔ اس حادثے میں چھ مزدور کی موت ہوگئی جبکہ ایک شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ مرنے والوں میں چار کھگڑیا ضلع کے بلدور تھانہ کے ہیں جبکہ محمد رحمن اور محمد زبیر کا تعلق بیگوسرائے سے بتایا جاتا ہے۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *