تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا 67واں یومِ جمہوریہ

Republic Day 2016 (10)

Republic Day 2016 (12)
نئی دہلی، 26 جنوری: ہندوستان نے پورے تزک و احتشام کے ساتھ آج اپنا 67 واں یومِ جمہوریہ منایا۔ راج پتھ پر ہونے والی پریڈ کی اِس بار سب سے بڑی خوبی یہ رہی ہے کہ اس میں پہلی بار کسی غیر ملکی فوجی ٹکڑی نے حصہ لیا۔
پریڈ کا باقاعدہ آغاز ہونے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈیا گیٹ پر واقع امر جوان جیوتی پر جاکر شہیدوں کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس وقت وہاں تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔ شہیدوں کی یاد میں وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ وہاں موجود تمام لوگوں نے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ اس کے بعد صدرِ جمہوریہ کے ذریعہ راج پتھ پر قومی پرچم لہرایا گیا، جس کے بعد پریڈ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
ہندوستان نے اس بار یومِ جمہوریہ کی تقریب میں فرانس کے صدر فرانسوا اولاند کو مہمانِ خصوصی کےطور پر مدعو کیا تھا۔ اس کے علاوہ فرانسیسی فوج کی ایک ٹکڑی نے پریڈ میں حصہ لے کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔ یومِ جمہوریہ کے موقع پر راج پتھ پر ہونے والی پریڈ میں یہ پہلا موقع تھا، جب کسی غیر ملکی فوج کی ایک ٹکڑی نے ہندوستانی فوج کے ساتھ پریڈ میں شرکت کی۔
Republic Day 2016 (9)

Republic Day 2016
گزشتہ برسوں کی طرح اِس بار بھی ہندوستان نے یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ مختلف ریاستوں کی بھی رنگا رنگ جھلکیاں نکالی گئیں۔ کڑاکے کی ٹھنڈ اور کہرا ہونے کے باوجود پریڈ دیکھنے کے لیے وہاں بھاری تعداد میں لوگ موجود تھے۔ ان کے جوش و خروش میں کسی قسم کی کمی دیکھنے کو نہیں ملی۔
پریڈ کے موقع پر صدرِ جمہوریہ پرنب مکھرجی کے ساتھ نائب صدر حامد انصاری اور وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ، وزیر دفاع منوہر پاریکر، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، کانگریسی صدر سونیا گاندھی سمیت متعدد وزراء اور اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *