جہانگیر پوری کی قادری مسجد کے ذمہ داران کی شکایت

نئی دہلی: جہانگیر پوری علاقے میں واقع قادری مسجد کے ذمہ داران نے دہلی اقلیتی کمیشن میں شکایت کی کہ مسجد کے سامنے ایک چینل دروازہ کچھ لوگ پولیس اور ایم سی ڈی کی مدد سے نکالنا چاہتے ہیں۔ ضلع شمال مغرب کے ڈی سی پی اسلم خان آئی پی ایس نے کمیشن کو تحقیقات کے بعد اطلاع دی ہے کہ مذکورہ چینل کا دروازہ پبلک زمین پر لگا ہوا ہے جس کی وجہ سے آنے جانے والوں کو پریشانی ہوتی ہے اور مسجد والوں کے اس دروازے کے لگانے یا اس کے باقی رکھنے پر اصرار کی کوئی قانونی وجہ نہیں ہے۔علاقے کے ڈی سی پی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اگر ہر مذہب کے لوگ اپنی عبادت گاہوں کے باہر پبلک زمین پر اس طرح کے دروازے لگانے لگیں گے تو سب کے لئے مسئلہ پیدا ہوجائے گا۔ اس دروازے کو نکالنے کا فیصلہ ایم سی ڈی کو لینا ہے اور اگر وہ اسے نکالنے کا فیصلہ کرتی ہے تو اس کو پولیس فورس مہیا کی جائے گی۔ اس جواب کی روشنی میں کمیشن نے کیس خارج کردیا ہے۔ صدر اقلیتی کمیشن ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تمام معاملات اور بالخصوص مساجد ومدارس کے سلسلے میں قانون کا احترام کریں اور غیر قانونی اور ناجائز طریقوں سے پبلک زمینوں پر اپنی مساجد ومدارس وغیرہ کی تعمیر نہ کریں جس سے ہماراملی تشخص بدنام ہوتا ہے۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *