سنت کی اتباع سے ولایت کا مرتبہ ملتا ہے: مولانا یامین قاسمی

ولایت وہ مقام ہے جہاں اپنے آپ کو فنا کردینا پڑتا ہے

محمد امین نواز
بیدر:
دارالعلوم دیوبند کے مبلغ مولانا محمد یامین قاسمی نے کہا ہے کہ انسان کو اتباع سنت کے نتیجہ میں ولایت کا مرتبہ ملتا ہے۔ ولایت ایک ایسا مقام ہے جہاں اپنے آپ کو فنا کردینا پڑتا ہے۔ ولایت کا سب سے عظیم راستہ اپنی ہستی کو مٹانا ہے۔ جب کوئی اللہ کا ہو جاتا ہے تو پھر اللہ بھی اس کا ہوجاتا ہے۔ انہوں نے فرزندان توحید سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ولایت کا دروازہ بند نہیں ہے، نبوت کا دروازہ بند ہوچکا ہے۔ عورتیں اپنے بچوں کو ولی بھی بناتی ہیں اور شیطان بھی، دنیا میں جب تک اولیاء اللہ ہیں، اللہ والے ہیں دنیا کا نظام باقی ہے جب اللہ والے ختم ہو جائیں گے تو اللہ دنیا کے نظام کو بھی ختم کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی گھر بیٹھے ولی نہیں بن سکتا ہے۔ اس کے لیے مجاہدہ، ریاضت، قیام اللیل، تقویٰ و طہارت کی ضرورت ہے ۔اس ملک پر اولیاء کرام کا احسان عظیم ہے ۔ان کی تعلیمات، ان کے اخلاق اور ان کے پاکیزہ کردار کی بدولت آج مسلمان اس ملک میں باقی ہیں۔ ولی اللہ کا دوست ہوتا ہے کیونکہ جو اللہ کا ہو جاتا ہے، اللہ اس کا ہو جاتا ہے اور جب وہ اللہ کا ہوجاتا ہے تو دنیا کا کوئی فرد اس کا بال بیکا نہیں کر سکتا ہے۔ جس نے بھی اللہ کے ولی سے دشمنی مول لی تاریخ گواہ ہے کہ وہ تباہ و برباد ہوگیا۔ آج ہم نے اولیاء کرام کی تعلیمات کو بھلا دیا ۔یہ اللہ والے ساری دنیا کی تکلیفیں اپنے اوپر اٹھاتے اور اللہ کی کسی مخلوق کو ذرہ برابر تکلیف پہنچانا گوارہ نہیں کرتے ہیں۔ جس کا دل پاک ہوتا ہے وہی ولایت کے مرتبہ کو پہنچتا ہے۔ اس موقع پر مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر جمعیۃ علماء بیدر و خطیب جامع مسجد بیدر نے مہمان مقرر کا تعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے ضلع بھر کے کارکنان کو لے کر شراب، جوا، سود، رشوت جیسی بیماریوں کے خلاف بیدر میں ایک عظیم الشان ریلی منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام چیزیں آج ملک کو کھوکھلا کر رہی ہیں، اس کے خلاف ہم سب کو جنگ چھیڑنے اور اس کی خرابیوں سے عوام الناس کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *