سوچھ بھارت سے آگے بڑھ چکا ہے ملک : وزیر اعظم مودی

PM Modi_Mann Ki Baat
نئی دہلی، ۳۱ جنوری: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا کہ ملک کے شہری اب ’سوچھ بھارت‘ سے آگے قدم بڑھاتے ہوئے ہندوستان کو خوبصورت بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم بننے کے بعد نریندر مودی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خوابوں کو پورا کرتے ہوئے، ملک بھر میں ’سوچھ بھارت‘ مہم کی شروعات کی تھی۔ انھوں نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ گندگی کی وجہ سے ہمارا ملک پوری دنیا میں بدنام ہو رہا ہے، لہٰذا ایک ہندوستانی کے طور پر یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کو صاف ستھرا بنانے میں اپنا ہاتھ بٹائیں۔
اس مہم کا بہت زیادہ اثر تو نہیں ہوا، لیکن لوگوں کے اندر صفائی کو لے کر بیداری ضرور پیدا ہوئی ہے۔ آج کے اپنے ’من کی بات‘ پروگرام میں بھی مودی نے اس بات کو تسلیم کیا اور اس بات کا خاص طور سے ذکر کیا کہ ملک کے شہری صفائی سے آگے بڑھ کر ملک کو خوبصورت بنانے میں لگ گئے ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے بتایا کہ ممبئی، راجستھان، گجرات اور رانچی کے ریلوے اسٹیشنوں کو لوگ خوبصورت پینٹنگ سے سجانے میں لگے ہوئے ہیں۔
یہ واقعی ایک اچھا قدم ہے۔ سفر کے دوران ہم مختلف ریلوے اسٹیشنوں سے گزرتے ہوئے گندگی کے انبار کے علاوہ پلیٹ فارموں کی دیواروں پر تھوک اور پیشاب کے نشان دیکھتے ہیں۔ لیکن، اب اگر انھیں مختلف قسم کے نقش و نگار سے سجا دیا گیا، تو ان دیواروں پر آئندہ کوئی تھوکنے یا پیشاب کرنے سے پہلے ایک بار سوچے گا ضرور۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کا ہر شہری ہندوستان کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں اپنا رول ادا کرے، تبھی ایک تہذیب یافتہ قوم کہلانے کے حقدار ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *