شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار کی حالت مستحکم

Dilip Kumar
ممبئی، ۱۶ اپریل (ایجنسی): ممبئی کے لیلاوتی اسپتال نے آج اس بات کی تصدیق کی کہ مشہور فلم اداکار دلیپ کمار کی حالت اب مستحکم ہے۔ انھیں سانس لینے میں ہونے والی پریشانی کے سبب اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔
لیلاوتی اسپتال کے ڈاکٹر جلیل پارکر نے بتایا کہ ’’دلیپ صاحب کی حالت اب مستحکم ہے، تاہم ابھی چند اسپیشل ٹیسٹ کی ضرورت ہے۔‘‘
دلیپ کمار کو آج صبح ۲ بجے سانس میں ہونے والی پریشانی کے سبب فوری طور پر لیلاوتی اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا، جہاں جانچ کے بعد پتہ چلا کہ انھیں نمونیا ہے۔
ڈاکٹر جلیل نے بتایا کہ ’’ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ انھیں نمونیا ہو گیا ہے۔ ہو سکتا ہے اس کی وجہ سے ان کے سینہ میں کوئی انفیکشن ہو گیا ہو۔ اگلے ۷۲ گھنٹے اہم ہیں۔‘‘
۹۳ سالہ شہنشاہِ جذبات کو پچھلے ہی سال دسمبر میں حکومت ہند نے پدم وِبھوشن ایوارڈ سے نوازا تھا۔ انھیں یہ ایوارڈ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ان کی بیگم سائرہ بانو کی موجودگی میں ایک میڈل، سرٹیفکیٹ اور ایک شال کی صورت میں دیا تھا۔
دلیپ کمار کے نام سے مشہور یوسف خان کو سال ۱۹۵۴ میں سب سے پہلے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ دیوداس، مدھومتی، داغ، رام اور شیام، مغلِ اعظم ان کی بعض مشہور فلمیں ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *