صحیح سلامت لوٹ آئی تین سالہ سننو

پٹنہ:  ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیم نے کم و بیش ۳۰/ گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد تین سالہ سننو کو 110 فٹ گہرے بورویل سے باہر نکال لیا ہے. راحت اور بچاو کی یہ مہم بدھ کو رات میں 9 بج کر 45 منٹ پر کامیاب ہوئی. بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے سننو کو صحیح سلامت بورویل سے نکالنے پر خوشی جتانے کے ساتھ ہی بچاو ٹیم اور بچی کے خاندان والوں کو مبارک باد دی ہے. سننو منگل کی شام مونگیر کے کوتوالی تھانہ حلقہ کے مرگياچك محلہ میں واقع اپنی نانی کے گھر آئی ہوئی تھی، جہاں وہ کھیلتے ہوئے 110 فٹ گہرے بورویل میں گر گئی تھی. ریسکیو ٹیم نے تقریبا 30 گھنٹے کی مشقت کے بعد اس کو محفوط باہر نکالا. بورویل سے باہر نکالے جانے کے بعد بچی کو مونگیر کے صدر ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا. ڈیویزنل كمشنر پنکج کمار پال نے بتایا کہ بچی کے تمام اعضاء ٹھیک ہیں لیکن اس کو جمعرات تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا جائے گا.

بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے تین سالہ سننو کی بحفاظت ریسکیو پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے. اس کے ساتھ ہی انہوں نے بچی کے اہل خانہ اور ریسکیو ٹیم کے تمام اراکین کو مبارک باد دی ہے. وزیر اعلی نے بچاو کے کام میں لگے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ، این ڈی آر ایف، ایس ڈِ آر ایف اور ضلع انتظامیہ کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامساعد حالات کے باوجود سننو کی بحفاظت ریسکیو ٹیم میں بہتر تال میل کا نتیجہ ہے. انہوں نے سننو کے اہل خانہ اور مقامی لوگوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں انتظامیہ اور بچاو ٹیم کو اپنا تعاون دے کر اس مہم کو کامیاب بنایا.

وزیر اعلی نتیش کمار نے سننو کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرانے کی بھی ہدایت دی ہے اور اس کے جلد صحت مند ہونے کی خواہش کی ہے.

غور طلب ہے کہ سننو 110 فٹ گہرے بورویل میں قریب 45 فٹ نیچے پھنسی ہوئی تھی. ریسکیو آپریشن کے دوران اس کو پائپ کے ذریعے آکسیجن پہنچایا جا رہا تھا.

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *