طیب ٹرسٹ کی جانب سے غریبوں کو فوڈ پیک

عید کے موقع پر بے سہارا مسلمانوں کو بھی یاد رکھیں: شاہنواز بدر قاسمی

سہرسہ میں عیدکے موقع پر فوڈپیک تقسیم کرتے ہوئے طیب ٹرسٹ کے ترجمان شاہنوازبدرقاسمی
سہرسہ میں عیدکے موقع پر فوڈپیک تقسیم کرتے ہوئے طیب ٹرسٹ کے ترجمان شاہنوازبدرقاسمی

سہرسہ ،۴ جولائی (نامہ نگار): ملکی سطح پر مختلف سماجی وفلاحی کاموں میں سرگرم معروف ادارہ ”طیب ٹرسٹ انڈیا“ کی جانب سے عید کے پرمسرت موقع پر ضلع کے سہرسہ بستی، میرٹولہ، مہیسی بلاک میںبھلاہی، بوہروا، للجہ، مہیش پور، کمہرہ، آراپٹی، سمری بختیار پور بلاک کے چکمکا، موہن پور، لچھمنیاں، گھوڑدور، پہلام، ہریوا اور ڈارہ مدھے پورمیں ۶۰۰ مستحق خاندانوں کے مابین فوڈپیک تقسیم کئے گئے۔ ان تمام علاقوں میں اصلاحی فاؤنڈیشن کے صدر نعیم صدیقی کے ذریعہ سروے رپورٹ کی بنیاد پر حقیقی مستحقین کی نشاندہی کرکے ان کے مابین یہ راحتی اشیاء تقسیم کیا گیا۔ فوڈپیک کی شکل میں دس کلو چاول، ریفائن تیل، چینی، چنا دال، مسور دال، رسنا، چوڑا، چائے پتی، نمک، سوجی اور مسالہ جات پر مشتمل اشیائے خوردونوش کے ساتھ تمام لوگوں کو ایک ایک کلو کھجور بھی بطور تحفہ پیش کیا گیا۔

آج سمری بختیارپور کے لچھمنیاں پرائمری اسکول میں منعقدہ فوڈپیک تقسیم کاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طیب ٹرسٹ کے ترجمان شاہنواز بدر قاسمی نے کہاکہ ملک کی مختلف ریاستوں کے ساتھ ساتھ بہار کے چند علاقوں میں بھی طیب ٹرسٹ کی جانب سے امسال رمضان جیسے بابرکت مہینے میں نہایت غریب اور بے سہارامسلمانوں کو تلاش کرکے ان کے درمیان فوڈ پیک تقسیم کیا گیا جو یقیناً میرے لئے سعادت کی بات ہے، سیمانچل اور کوسی کے جن دیہی علاقوں میں کام کرنے کا موقع ملا وہ انتہا درجہ پسماندہ اور غربت زدہ ہے، ان بستیوں میں رہنے والے ہزاروں لوگ آج بھی فاقہ کشی پر مجبور ہیں، ایسے پسماندہ علاقہ میں ہمیں زیادہ سے زیادہ فلاحی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ شاہنواز بدر نے کہاکہ سرکاری سطح پر ان غریبوں کیلئے جو اسکیمیں چلائی جارہی ہیں، ان سے بہت کم لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، ضرورت مندوں کی اس وقت ایک بڑی تعداد ہے جو محتاجگی کی زندگی جینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اہل خیر حضرات عید کی خوشی کے موقع پر ان غریبوں کا بھی ضرور خیال رکھیں جو واقعتا آپ کی توجہ کے مستحق ہیں۔

003

اصلاحی فاﺅنڈیشن کے صدر نعیم صدیقی نے کہاکہ بہار کایہ علاقہ سب سے زیادہ پسماندگی اور بدحالی کا شکار ہے، یہاں ہرطرح کی سہولیات کافقدان ہے، ہزاروں کی تعداد میں بیوائیں اور غریب عوام دانے دانے تک کیلئے ترستے ہیں، طیب ٹرسٹ نے عید کے موقع پر ان ضرورت مندوں کا خیال کرتے ہوئے تعاون کا جو طریقہ اپنایا ہے وہ ایک عظیم خدمت اور مثالی قدم ہے جس کیلئے ہم سب ٹرسٹ کے چیرمین حافظ عاصم قاسمی اور تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ راشٹریہ جنتا دل بہار کے ریاستی سکریٹری وضلع پریشد رکن ظفرعالم نے کہاکہ غریبوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا سب سے زیادہ پسندیدہ عمل ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے، حقیقی مستحقین تک پہنچ کر ان کی خوشی کیلئے ہم سب کو مل جل کرکام کرنا چاہئے۔ آج مادیت اورکریپشن کے اس دور میں اس طرح کے فلاحی خدمات یقینا لائق ستائش ہے، طیب ٹرسٹ نے بہار میں راحتی کام شروع کرکے ایک نئی مثال قائم کی ہے، امید ہے کہ یہاں کی پسماندگی اور بدحالی کو دور کرنے میں یہ ادارہ اہم کردار اداکرے گا۔ فوڈپیک تقسیم پروگرام کو کامیاب میں جن سرکردہ شخصیات نے خصوصی تعاون کیا ان میں معروف سماجی کارکن ڈاکٹر زینب ظفر، بی جی پی ایس اسکول کے ڈائریکٹر جناب پرویز الرحمن، طاہرہ میموریل پبلک اسکول کے ڈائریکٹر ماسٹر امداد علی، ماسٹر مختارعالم، تنویرعالم، ڈاکٹر توقیر، مشیرعالم، مجیب عالم، حافظ شہزاد رحمانی، ماسٹر فردوس عالم، شاداب احمد چاند، ممتازعالم وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *