عبدالستاریوسف شیخ کی رحلت پر امیر جماعت کا اظہار تعزیت

?
مولانا جلال الدین عمری

نئی دہلی،۱۹ فروری، پریس ریلیز: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری عبدالستار یوسف شیخ کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی ہند مولانا سید جلال الدین عمری نے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رحلت کو پرسنل لا بورڈ کے ایک اور بڑے نقصان سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے سکریٹری جنرل مولانا سید نظام الدین اور اسسٹنٹ سکریٹری جنرل عبدالرحیم قریشی کے معا بعد ہی بورڈ کی ایک اور اہم شخصیت عبدالستار یوسف شیخ کا سانحہ ارتحال ملت اسلامیہ کا بھی بڑا خسارہ ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی ممبئی میں ۱۹۷۲ء میں تشکیل کی کوششوں میں دیگر بزرگوں کے ساتھ عبدلستار یوسف نے بھی شب و روز محنت کی تھی اور بورڈ کی مالی ضروریات کی تکمیل کے لیے ہمیشہ ہی سرگرم رہتے تھے۔
مولانا نے فرمایا کہ یوسف شیخ ممبئی ہی نہیں بلکہ بورڈ کی ملک بھر کی تمام دینی و ملی شخصیات کے درمیان بھی غیر معمولی اعتماد اور محبت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے اور دین و شریعت کے تحفظ کے لیے ان کی فکرمندی اور عملی کوششیں بڑی ہی قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی رہی ہیں۔
امیر جماعت نے مزید کہا کہ یہ بات بھی قابل ستائش ہے کہ یوسف شیخ مرحوم کا خاندان ہی اسلامی فکر کا حامل اور خدمت و اقامت دین کی جد وجہد میں پیش پیش رہا ہے۔ مولانا نے اللہ رب العالمین سے عبدالستار ہوسف شیخ کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی نیز تمام ہی اعزہ و اقارب کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *