قومی اردو کونسل نے جاری کیا ادبی کیلنڈر ۲۰۱۶

NCPUL Calender (2)
نئی دہلی، ۳۱ جنوری: نئے سال کے موقع پر کیلنڈر جاری کرنے کی ایک عام روایت رہی ہے۔ یہ کیلنڈر سرکاری اداروں کے علاوہ پرائیویٹ اداروں کے ذریعہ بھی جاری کیے جاتے ہیں۔ خاص کر بڑی بڑی کمپنیاں اپنے پروڈکٹس کے پرچار کے لیے ایسا کیلنڈر جاری کرتی ہیں۔
قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان کی طرف سے بھی ماضی میں نئے سال کے موقع پر کیلنڈر جاری کیے جاتے رہے ہیں۔ لیکن، اِس بار کا کیلنڈر سب سے الگ اس لیے ہے، کیوں کہ پروفیسر ارتضیٰ کریم کی قیادت میں کونسل کی طرف سے پہلی بار ایک ادبی کیلنڈر جاری کیا گیا ہے۔
NCPUL Calender 2016 (2)
سال ۲۰۱۶ کے اِس کیلنڈر کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نہ صرف اردو ادب کی نامور ہستیوں کی تصویریں یکجا کرکے شائع کی گئی ہیں، بلکہ آپ اس کیلنڈر کی مدد سے ایک نظر میں یہ پتہ لگا لیں گے کہ اردو ادب کی کس نامور شخصیت کی تاریخ ولادت کیا ہے یا اُن کا انتقال کس تاریخ کو ہوا۔
بارہ مہینوں کے حساب سے ۱۲ صفحات پر مشتمل اس کیلنڈر کے ہر صفحہ پر کم از ۱۵ ادیب و شاعر کی تصویریں تو ہیں ہی، ساتھ میں ہر صفحہ پر پچاسوں کی تعداد میں ادیب و شاعر کے نام اور ان کی تاریخِ ولادت اور تاریخ وفات درج ہے۔
NCPUL Calender 2016 (5)
ظاہر ہے، یہ کوئی آسان کام نہیں تھا۔ اِس ادبی کیلنڈر کو شائع کرنے کا خیال جہاں سب سے پہلے کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم کے ذہن میں آیا اور انھوں نے کونسل کی چیئرپرسن اور ملک کی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی سے اس کی اجازت طلب کی، وہیں ان کے اِس کام میں حقانی القاسمی اور شعیب رضا فاطمی سمیت کونسل کے دیگر اہل کاروں نے بھی بھرپور محنت کی۔ کونسل نے اس کیلنڈر کی اشاعت کی ذمہ داری اسکائی ایڈورٹائزنگ اینڈ مارکیٹنگ کے مالک شفیق الحسن کو سونپی، جنھوں نے پوری دیانت داری اور لگن سے اسے انجام تک پہنچایا۔ کونسل کے ڈائرکٹر کو امید ہے کہ اردو داں حلقے میں اس ادبی کیلنڈر کی خاطر خواہ پذیرائی ہوگی اور لوگ اس سے مستفید ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *