لالو یادو سے ملے کانگریس لیڈر شکیل احمد

رانچی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر شکیل احمد نے ہفتہ کو یہاں واقع راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج آر جے ڈی کے صدر لالو یادو سے ملاقات کی۔ شکیل احمد نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے اپنے فیس بک پیج دو تصاویر بھی شیئر کی ہے۔ شکیل احمد نے اس کے ساتھ ہی لکھا ہے کہ لالو یادو کا جس وارڈ میں علاج ہو رہا ہے، اس کا افتتاح انہوں نے متحدہ بہار کا وزیر تعلیم رہتے ہوئے کیا تھا۔ واضح ہو کہ تب لالو یادو کی بیوی رابڑی دیوی بہار کی وزیر اعلیٰ تھیں۔
آج کی اس ملاقات کے دوران جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین بھی موجود تھے۔ شکیل احمد نے بتایا کہ اسی دوران بی جے پی کے باغی لیڈر اور پٹنہ صاحب لوک سبھا حلقہ سے رکن پارلیمنٹ شترو گھن سنہا بھی لالو یادو سے ملنے کے لیے پہنچے۔ ان کے ساتھ سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے رہنما سبودھ کانت سہائے بھی تھے۔
قابل ذکر ہے کہ لالو یادو چارہ گھوٹالہ کے متعدد معاملوں میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت سے سزا پا چکے ہیں اور ابھی وہ قید میں ہیں لیکن طبیعت خراب ہونے کے سبب انہیں رانچی کے ہوٹوار جیل سے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہفتہ کو ان سے ملاقات کرنے کی اجازت ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب اکھلیش سنگھ کے علاوہ کانگریس کے کسی لیڈر نے سزا کاٹ رہے لالو یادو سے ملاقات کی ہے۔ لالو یادو کو پچھلے سال 23 دسمبر کو سزا سنائی گئی تھی۔ امسال مئی کے اوائل میں انہیں علاج کے لیے عبوری ضمانت دی گئی تھی جسے متعدد بار بڑھانے کے بعد ستمبر میں ختم کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے لالو یادو قید میں ہیں۔

Facebook Comments
Spread the love
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

Leave a Reply