مدرسہ اسلامیہ عربیہ تعلیم القرآن میں جشن آزادی

جشن آزادی کی تقریب کا یادگار منظر

نئی دہلی، (نامہ نگار): وطن عزیز کے 72ویں جشن آزادی کے موقع پر سبزی منڈی کے قبرستان انجمن قوم راعیان میں واقع مدرسہ اسلامیہ عربیہ تعلیم القرآن میں پرچم کشائی تقریب منعقد کی گئی، جس میں اہل علاقہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شر کت کرکے مجاہدین آزادی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مدرسہ کے بچوں نے حب الوطنی کے نغمے گاۓ اور  آزادی سے متعلق پروگرام پیش کیے اور ناظرین سے داد و تحسین حاصل کی۔ پروگرام کے روح رواں چودھری قاری محمد شاہد نے مہمانان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انجمن کے سکریٹری جنرل سراج الدین نے یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو آزادی دلانے کے لیے بلا تفریق مذہب و ملت سبھی نے قربانیاں دیں اور انگریزوں کو ہندوستان چھوڑنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کو آزاد کرانے کے لیے قربانیاں دیں، ان کا ہمیں احسان ماننا چاہیے۔

تقریب کی مہمان خصوصی وارڈ حلقہ کی کارپوریٹ گڈی دیوی نے آزادی کے لیے مرمٹنے والوں کے جذبوں کو سلام کیا اور انہیں اپنا خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپس میں مل جل کر رہنا ہی مجاہدین آزادی کو سچا خراج عقیدت ہوگا۔ چودھری شاہد نے سبھی کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہم سبھی کو آپس میں میل جول اور پیار محبت سے رہنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی نے کبھی ایک دوسرے سے بھید بھاؤ نہیں کیا۔ اس موقع پر کانگریسی لیڈر پروین کمار سونکر نے کہا کہ ہمیں آزادی کے سپا ہیوں سے سبق حا صل کر نا چاہیے۔ آزادی کی جنگ لڑنے والوں نے ملک کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا تھا۔ تقریب کے اہم شرکا ء میں حافظ ظہور احمد، بھائی منجو، نعیم الدین، محمد اکرم اور چاند محمد پہلوان کے نام قابل ذکر ہیں.

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *