میں نے ایسا جھوٹا وزیر اعظم کبھی نہیں دیکھا: گوگوئی

ترون گوگوئی، وزیر اعلیٰ آسام
ترون گوگوئی، وزیر اعلیٰ آسام

آسام، ۲۸ مارچ (ایجنسی): آسام کے وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی نے ایک دن بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی پھبتیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے ایسا وزیر اعظم پہلے کبھی نہیں دیکھا، جسے اپنے لیڈروں کی عزت کرنی نہیں آتی۔ وہ پی ایم مودی کے اس فقرے کا جواب دے رہے تھے، جس کے تحت کل انھوں نے گوگوئی پر ریاست آسام کے لوگوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا تھا۔

گوگوئی نے ایک خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ (وزیر اعظم مودی) اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے لوگوں کی توجہ ہٹا رہے ہیں۔ انھوں نے پچھلے دو سالوں میں کیا کیا ہے؟ میں نے ایسا وزیر اعظم کبھی نہیں دیکھا، جو ہمیشہ جھوٹ، جھوٹ اور صرف جھوٹ بولتا ہو اور وزیر اعظم کے عہدہ کی بے حرمتی کرتا ہو۔ وہ میرا مذاق اڑا رہے تھے، مجھ پر حملہ کر رہے تھے اور کہہ رہے تھے ’گو گو گو‘ (جاؤ جاؤ جاؤ)، ان کے اندر شائستگی نہیں ہے، ہندوستانی کلچر کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، خود اپنے ہی لیڈروں کی بے عزتی کر رہے ہیں۔ وہ کسی کی عزت نہیں کرتے؛ وہ تو اپنی بیوی کو بھی نہیں پہچانتے۔‘‘

اتراکھنڈ کے سیاسی بحران پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے وزیر اعظم پر ڈکٹیٹر (تاناشاہ) ہونے کا الزام لگایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وہ تمام ریاستوں پر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ ہم آسام میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نے آسام کے لوگوں سے ترقی کا وعدہ کیا ہے۔ ہم نے جو کچھ کہا تھا، اسے پورا کیا ہے اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔ ہمارا پہلا ایجنڈا روزگار پیدا کرنا ہے اور اس بات کا پتہ لگانا ہے کہ تعلیمی نظام کو کیسے بدلا جائے۔ تعلیمی نظام کو بدلے بغیر کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے ہمارے انتخابی منشور کو نہیں دیکھا ہے۔‘‘

انھوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی الیکشن سے پہلے ہزاروں کروڑ روپے خرچ کرکے بی جے پی لیڈر ہیمنت بسوا کے ذریعہ ان کی حکومت کو گرانا چاہتے تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ اور اتوار کو آسام میں اپنی انتخابی ریلیوں کے دوران تقریر کرتے ہوئے گوگوئی کو عمر دراز بتایا تھا اور کہا تھا کہ ’’گوگوئی جی، چند برسوں میں آپ ۹۰ سال کے ہو جائیں گے۔ آپ مجھ سے بڑے ہیں۔ میں آسام آپ کو پرنام کرنے آیا ہوں، نہ کہ آپ سے لڑنے۔‘‘ تِن سکھیا میں مودی نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ان کی لڑائی وزیر اعلیٰ گوگوئی سے نہیں ہے، بلکہ غریبی اور آسام کی پس ماندگی کے خلاف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *