وزیر اعظم مودی منگل کو ’اسٹینڈ اَپ انڈیا‘ شروع کریں گے

Narendra Modi

نئی دہلی، ۳ اپریل (نامہ نگار): وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو اترپردیش کے نوئیڈا شہر کے سیکٹر ۶۲ میں ’اسٹینڈ اَپ انڈیا‘ اسکیم اور اس کے ویب پورٹل کا افتتاح کریں گے۔ اس اسکیم کے تحت درج فہرست ذات و قبائل اور خواتین کو سرکار کی جانب سے ۱۰ لاکھ سے لے کر ۱۰۰ لاکھ روپے تک کے قرض فراہم کرکے ان کے اندر کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔

اس اسکیم کا افتتاح یوپی کے گورنر رام نائک، وزیر ثقافت و سیاحت اور وزیر مملکت برائے خزانہ و دیگر کی موجودگی میں کیا جائے گا۔ اس سے بڑے پیمانے پر درج فہرست ذات و قبائل اور خواتین کو فائدہ پہنچنے کی امید کی جا رہی ہے۔

اس پوری اسکیم کا نفاذ اسمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف انڈیا (ایس آئی ڈی بی آئی) کی قیادت میں ہوگا، جس میں اس کا ساتھ دلت انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ڈی آئی سی سی آئی) اور پورے ملک کے متعدد شعبہ جاتی ادارے دیں گے۔

ایس آئی ڈی بی آئی اور نیشنل بینک فار ایگریکلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ (نبارڈ) کو اسٹینڈ اَپ کنیکٹ سنٹرس (ایس یو سی سی) تفویض کیے جائیں گے۔

اس افتتاحی تقریب میں پردھان منتری مُدرا یوجنا اسکیم کے تحت بھارتیہ مائکرو کریڈٹ (بی ایم سی) کے ذریعہ ۵۱۰۰ ای۔رکشہ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ ان سبھی افراد کو پردھان منتری جن دھن یوجنا، پردھان منتری سرکشا یوجنا، پردھان منتری جیون جیوتی یوجنا، اٹل پنشن یوجنا اور وزیر اعظم کے نام سے چل رہی دیگر آٹھ اسکیموں سے بھی جوڑا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *