وزیر اعظم مودی کی انوکھی پہل: قومی ہیروز کے مجسموں کی صفائی

Statue Cleaning by PM
نئی دہلی، ۳۰ جنوری: وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک انوکھی پہل شروع کی ہے۔ انھوں نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اُن تمام مجسموں کی صفائی میں اُن کا ہاتھ بٹائیں، جنھوں نے ہندوستان کو آزادی یا شہرت دلانے میں نمایاں کارنامے انجام دیے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ۲۷ دسمبر، ۲۰۱۵ کو اپنے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا تھا کہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر ہم اپنے تمام قومی ہیروز کے ساتھ خود کو جوڑنے کے لیے رضاکارانہ طور پر ان کے مجسموں کی صفائی کریں گے۔ جن چوراہوں، گزرگاہوں، احاطوں یا دیگر مقامات پر ان معروف شخصیات کے مجسمے لگے ہوئے ہیں، ان مقامات کی بھی صفائی کرنے کی اپیل نریندر مودی نے ہندوستانی شہریوں سے کی تھی۔
وزیر اعظم کی اس اپیل پر عمل کرتے ہوئے لوگوں نے اسے ملک گیر مہم کی شکل دے دی ہے۔ ملک کے یہ شہری نہ صرف مہاتما گاندھی، سبھاش چندر بوس، پنڈت جواہر لعل نہرو، سردار پٹیل، مولانا ابوالکلام آزاد اور ان جیسی دیگر شخصیات کے مجسموں کی صفائی کر رہے ہیں، بلکہ ملک کے تمام شہریوں میں اس مہم کے بارے میں بیداری بھی پھیلا رہے ہیں۔
مثال کے طور پر گزشتہ ۲۳ جنوری کو عظیم مجاہد آزادی نیتاجی سبھاش چندر بوس کی یومِ پیدائش کے موقع پر ان کے مجسمے کو صاف کرنے کی مہم میں بھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اسی طرح ۲۶ جنوری کو ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی مورتیوں کو بڑے پیمانے پر صاف کیا گیا۔
آج پورا ملک بابائے قوم مہاتما گاندھی کا یومِ شہادت منا رہا ہے۔ لہٰذا آج بھی ملک بھر میں جگہ جگہ لوگ گاندھی جی کی مورتیوں کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *