وزیر اقلیتی امور اور اردو اکادمی کے چیئرمین کے اعزاز میں جلسہ

محمد امین نواز
بیدر: بنگلورو شہر کی معروف حضرت حمید شاہ حضرت محب شاہ رحمتہ اللہ علیہ درگاہ کمیٹی میں وزیر برائے خوراک و شہری رسدات و امور اقلیت و حج الحاج بی زیڈ ضمیر احمد خان اور کرناٹک اردو اکادمی کے نو منتخب چیئرمین مبین منور کو تہنیت دینے کے لیے اعزازی جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسے میں حضرت حمید شاہ حضرت محب شاہ رحمتہ اللہ علیہ درگاہ کمیٹی کے صدر جی اے باوا، نائب صدر سید عمر رضوی، سکریٹری سید منور ایڈووکیٹ اور کمیٹی کے تمام اراکین و عملہ نے الحاج بی زیڈ ضمیر احمد خان اور کرناٹک اردو اکادمی کے نو منتخب چیئرمین مبین منورکی شال پوشی اور گلپوشی کی۔

اس موقع پر بی زیڈ ضمیر احمد خان نے تمام ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کہا کہ حضرت حمید شاہ کامپلکس میں ہوئے ترقیاتی کام کی طرز پر ریاست کی دیگر وقف جائیدادوں کو بھی ترقی دی جائے تو حکومت سے کسی بھی قسم کے تعاون کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ انہوں نے جمعہ کو درگاہ کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ یہاں کیے گئے ترقیاتی کاموں کو دیکھا جائے تو حقیقت میں حیرت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1976 میں حمید شاہ کامپلیکس تعمیر ہوا۔ 2014 میں جی اے باوا نے کامپلیکس کا انتظامیہ سنبھالا، اس کے بعد کرایہ سے 8 لاکھ روپے حاصل ہونے والی آمدنی کو 25ل اکھ روپے تک بڑھانے میں کامیاب رہے۔ انتظامیہ کھاتہ میں کم و بیش پانچ کروڑ روپے رقم جمع کی گئی ہے۔ کامپلیکس میں 5 مشینوں پر مشتمل ڈیالیسس مراکز شروع کیے گئے ہیں۔ عوام کے اصرار پر مزید 6 مشینیں نصب کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بر سر خدمت خواتین کے لیے رہائشی مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس کے روبرو پانچ منزلہ آئی ٹی آئی بلاک تعمیر ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ مسجد کے امام اور مؤذن کے لیے بھی رہائشی انتظام کیا گیا ہے۔

ضمیر احمد خان نے درگاہ کمیٹی کو تمام ترقیاتی کاموں میں ہر ممکن تعاون دینے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ریاست کی تمام ضلعی وقف صلاح کار کمیٹیوں کے صدور کا جائزہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقف املاک کی حفاظت کے لیے مختص وقف بورڈ کی 35 کروڑ رقم مکمل طور پر استعمال میں لائی گئی ہے مزید 100 کروڑ روپے جاری کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ کمار سوامی کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ اگر ممکن ہوا تو بروز پیر بذات خود وزیر اعلیٰ سے ملاقات کروں گا اور اضافی امدادی رقم جاری کرنے کا مطالبہ کروں گا۔

درگاہ کمیٹی کے صدر جی اے باوا نے کہا کہ ہماری دعوت پر ضمیر احمد خان کا یہاں آنا خوشی کا باعث ہے۔ مسائل کو سن کر فی الفور حل کرنا اور یکسوئی کے ساتھ جد و جہد کرنے کا مزاج رکھنے والے ضمیر احمد خان ہم سب کی پسند ہیں۔ حضرت حمید شاہ حضرت محب شاہ رحمتہ اللہ علیہ درگاہ کامپلیکس میں ضیا اللہ شریف نے اپنے صرف خاص سے ایچ ایم ایس اور ایچ ایچ ایس مسلم گرلس ہاسٹل تعمیر کی اور ایک آئی ٹی آئی کے لیے بھی نئی بلڈنگ، وضو خانہ مسجد کے بالائی منزل پر بنایا۔ حال میں فری ڈیالیسس سینٹرکا افتتاح کیا، ساتھ ہی ساتھ اربن پرائمری ہاسٹل کا بھی معائنہ کیا اوراس کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ہر اوقافی ادارہ اس طرح کے کام انجام دے گا تو مسلمانوں کے اداروں کو حکومت سے بھیک مانگنے کی بجائے عوام الناس کو ہر طریقے کا فائدہ پہنچا سکیں گے۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *