وزیر ریلوے بہار میں کریں گے مختلف منصوبوں کا افتتاح

پٹنہ: وزیر ریلوے اتوار کو بہار میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ اس کا آغاز یہاں سمراٹ اشوک کنونشن سینٹر میں منعقد ایک تقریب میں ہوگا۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل اس تقریب میں شرکت کے لیے یہاں پہنچ چکے ہیں۔ اطلاع کے مطابق وہ یہاں آر بلاک سے دیگھا تک موجود ریلوے لائن کو ہٹا کر سڑک بنانے کے لیے ریلوے کی اراضی کو حکومت بہار کو منتقل کریں گے۔ اس کو کچھ لوگ بہار اور خاص طور سے پٹنہ کو ریلوے کا تحفہ قرار دے رہے ہیں تو چند ایک اسے ستم ظریفی بتارہے ہیں۔ دیگھا علاقہ میں رہنے والے رام پرساد کہتے ہیں یہاں فور لین کی سڑک بنانے کے لیے پٹری کے دونوں کنارے بسے لوگوں کو ہٹانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت پٹنہ میں میٹرو بنانے کی بات کررہی ہے تو پھر پہلے سے موجود میٹرو کو ختم کرنے کا کیا مطلب ہے۔ یہی سوال انوارالحق کا بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹنہ جنکشن سے دیگھا تک ٹرین کو بہتر ڈھنگ سے چلایا جائے تو لوگوں کو بڑی آسانی ہوگی۔ جہاں تک بیلی روڈ پر جام لگنے کا سوال ہے تو وہاں فلائی اوور بنایا جاسکتا ہے۔ ریلوے کو چاہیے تھا کہ اس لائن کو ٹھیک کرتی، لیکن تاریخی وراثت کو اجاڑنے کے سارے انتظامات کر لیے گئے ہیں جو افسوسناک ہے۔
واضح ہوکہ یہاں باپو آڈیٹوریم میں منعقد تقریب میں وزیر ریلوے آر بلاک سے دیگھا تک کی ریلوے کی زمین کو حکومت بہار کو سونپیں گے۔ اس موقع پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار خود موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ پیوش گوئل رکسول نرکٹیا گنج ریلوے کی بدلی گئی لائن کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کریں گے۔ اس لائن پر پہلی ٹرین بھی اتوار ہی کو چلے گی۔ وزیر ریلوے اس کو بھی ہری جھندی دکھائیں گے۔ اس کے علاہ سپول ارریہ ریلوے لائن کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ بیرول اور ہرنگر کے درمیان ریلوے کی نئی لائن کا افتتاح ہوگا ۔ اس لائن پر تین جوڑی پسنجر ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
تقریب کے دوران ریلوے سیکورٹی فورس کی خاتون ٹکڑی ’تیجسونی ‘ کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا۔ پٹنہ کے بعد وزیر ریلوے آرہ میں بھی ایک تقریب کے دوران مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے جبکہ کئی ایک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *