پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

۴ اپریل سے ۱۶ مئی، ۲۰۱۶ تک ہوگی پولنگ، ۱۹ مئی کو نتائج کا اعلان

چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر نسیم زیدی، الیکشن کمشنر اے کے جیوتی اور او پی راوت کے ساتھ نئی دہلی میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے
چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر نسیم زیدی، الیکشن کمشنر اے کے جیوتی اور او پی راوت کے ساتھ نئی دہلی میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے

نئی دہلی، ۴ مارچ: الیکشن کمیشن نے آج پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ یہ انتخابات مغربی بنگال، آسام، کیرل، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کیرل، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں ایک ہی دن، یعنی ۱۶ مئی کو ووٹنگ ہوگی، جب کہ آسام میں دو مراحل میں ۴ اور ۱۱ اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مغربی بنگال میں ۶ مراحل کے تحت ۴۔۱۱ اپریل، ۱۷ اپریل، ۲۱، ۲۵، ۳۰ اپریل اور ۵ مئی کو پولنگ ہوگی۔ ان پانچوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا اعلان ۱۹ مئی کو کیا جائے گا۔

۲۹۴ اسمبلی سیٹوں والی ریاست مغربی بنگال میں چھ مراحل میں پولنگ ہوگی، جس کا آغاز ۴ اپریل سے ہوگا، جب کہ آخری پولنگ ریاست میں ۵ مئی کو ہوگی۔ یہاں کے رائے دہندگان کی کل تعداد ۶ کروڑ ۵۵ لاکھ ہے اور اس وقت ریاست میں ممتا بنرجی کی قیادت میں ترنمول کانگریس کی حکومت ہے۔

دوسری ریاست آسام ہے، جہاں کی ۱۲۶ سیٹوں والی اسمبلی کے لیے ۴ اور ۱۱ اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یہاں پر ووٹروں کی کل تعداد ایک کروڑ ۹۸ لاکھ ہے۔ اس وقت ریاست میں ترون گوگوئی کی قیادت میں کانگریس پارٹی برسر اقتدار ہے۔

تیسری ریاست کیرل ہے، جہاں کی ۱۴۰ سیٹوں والی اسمبلی کے لیے ۱۶ مئی کو پولنگ ہوگی۔ ریاست میں ووٹروں کی کل تعداد ۲ کروڑ ۵۶ لاکھ ہے اور اس وقت ریاست میں اومن چانڈی کی قیادت میں متحدہ جمہوری محاذ کی حکومت ہے۔

چوتھی ریاست تمل ناڈو ہے، جہاں کی ۲۳۴ سیٹوں والی اسمبلی کے لیے ۱۶ مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یہاں پر ووٹروں کی کل تعداد ۵ کروڑ ۷۹ لاکھ ہے اور اس وقت ریاست میں جے للتا کی قیادت میں اے آئی اے ڈی ایم کے کی حکومت ہے۔

پانچویں ریاست پڈوچیری ہے، جہاں کی ۳۰ رکنی اسمبلی کے لیے ۱۶ مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یہاں پر رائے دہندگان کی کل تعداد ۹ لاکھ ۲۷ ہزار ہے اور اس وقت وہاں آل انڈیا این آر کانگریس کے این رنگاسامی کی قیادت میں حکومت چل رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *