پروگریسیو گروپ کے زیر اہتمام ’جلسہ تقسیم انعامات‘ کا انعقاد

نئی دہلی، (نامہ نگار): سیوک سینٹر میں واقع کیدارناتھ ساہنی آڈیٹوریم میں جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ پروگریسیو گروپ (رجسٹرڈ) کی جانب سے منعقد تقریب میں امسال متعدد کلاسوں میں نمایاں نمبرات لا نے والے سیکڑوں طلبا سمیت عالم، فاضل اور حفاظ کرام کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے معروف سماجی کارکن محمد عثمان (ایشیا والے) نے شاندار مظاہرہ کر نے والے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کسی بھی میدان میں جائیں ہمہ وقت نمایاں مقام حاصل کرنے کی کوشش کریں، کیونکہ وہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے بچوں کو شوق و ذوق سے تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچے میں صلاحیت ہوتی ہے، ضرورت ہے کہ وہ اپنی صلاحیت کو پہچانے اوراسے نکھارنے کی جستجو کرے۔ محمد عثمان نے اس کے ساتھ ہی تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بعد ہی ترقی کر سکتی ہے۔ اسی لیے قوم کے بچے تعلیم کو اوڑھنا بچھو نا بنائیں، کم کھائیں اور کم گھومیں زیادہ وقت تعلیم حاصل کر نے میں گزاریں۔
قبل ازیں حافظ سلمان ہارون کی تلاوت کلام الہی سے تقریب کا آغاز ہوا جبکہ سلمان سعید نے خیر مقدمی کلمات میں مہمانان کاتعارف کرایا اور محمد نسیم نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا۔
اس موقع پر مہمانوں کے ہاتھوں سے سالانہ امتحان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے اول انعام علیزی جنید، دوئم ماہین فیصل اور سوئم انور ابراہیم سمیت 250 طلبا و طالبات کو شیلڈ و میڈل دے کر عزت افزائی کی گئی۔
تقریب کو کامیاب بنا نے میں کیپٹن خرم شہزاد، ایاز عیسی شفیق، کامران اعجاز، سلمان سعید، وسیم احمد، یحییٰ ہارون، انس بٹلہ ودیگر نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں محمد احمد، اخلاص شفیع، فرحت کامل، محمد اعجاز، جنید نسیم کے علاوہ انجمن وکیل قوم پنجابیان کے مختلف ریاستوں کے کارکنان سمیت کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شر کت کی۔
Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *