کولکاتا فلائی اوور حادثہ پر سیاست نہ کریں راہل: نقوی

Mukhtar Abbas Naqvi

کولکاتا، ۲ اپریل (ایجنسی): وزیر مملکت برائے اقلیتی و پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے آج کانگریس نائب صدر راہل گاندھی سے کہا ہے کہ وہ کولکاتا فلائی اوور حادثہ پر سیاست نہ کریں۔

ایک نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ ’’ہر کسی کو انتخابی مہم میں شریک ہونے اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی آزادی ہے، لیکن کولکاتا کے افسوس ناک حادثہ پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔ ہم نے راحت رسانی کے کاموں کی نگرانی کی، بلکہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پوری رات جاگ کر حالات پر نظر بنائے رکھی، لیکن ہم نے اس پر سیاست نہیں کی۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ بدعنوانی اور اس کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، جس میں ریاستی حکومت ملوث ہے۔ یہ بھگوان کا چمتکار نہیں ہے، بلکہ بدعنوانی کا نتیجہ ہے۔‘‘

دریں اثنا، راہل گاندھی نے کولکاتا میں ۳۱ مارچ کو فلائی اوور گرنے سے جو لوگ زخمی ہوئے ہیں، ان سے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے۔ کولکاتا میڈیکل کالج میں زخمیوں سے ملاقات کے بعد راہل نے میڈیا کو بتایا کہ ’’یہاں ایک حادثہ ہوا ہے۔ میں یہاں آنا چاہتا تھا اور زخمی افراد کی مدد کرنا چاہتا تھا۔ ہم سے جو بھی ہو سکتا ہے، ہمیں ان کی مدد کرنی چاہیے۔ میں یہاں زخمیوں سے ملنے آیا ہوں۔ میں کوئی سیاسی بیان بازی نہیں کرنا چاہتا۔‘‘

مغربی بنگال کی ممتا حکومت نے اس حادثہ میں ہلاک ہوئے افراد کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ اور زخمیوں کو دو لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔ حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد اب تک ۲۶ ہو چکی ہے۔ دوسری جانب حیدرآباد کی کنسٹرکشن کمپنی آئی وی آر سی ایل، جو اس فلائی اوور کو بنانے کا کام کر رہی ہے، نے حادثہ کو افسوس ناک بتایا ہے اور کہا ہے کہ اس قسم کے حادثہ کو روک پانا کسی کے بس میں نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *