ناراض لوگوں نے سڑک جام کرکے کیا مظاہرہ

protest at Pahlam

سمری بختیارپور، سہرسہ،۳؍ مئی،(نامہ نگار) بہت دنوں سے حکومت سے ملنے والی مالی امداد کی رقم کی ادائیگی نہیں ہونے سے سہرسہ ضلع کے بنما۔اٹہری بلاک کے گھوڑدوڑ پنچایت کے بہت سے لوگوں نے یہاں رنگنیا ۔ تلیاہاٹ سڑک کو پہلام چوک پر جام کرکے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں بڑی تعداد میں خواتین کے علاوہ معذور افراد بھی شامل تھے۔ احتجاج کرنے والے لوگوں کا کہنا تھا کہ انہیں مختلف زمروں کے تحت حکومت سے جو مالی امداد ملتی ہے، اس کی ادائیگی گذشتہ ۱۰؍ مہینوں سے نہیں کی گئی ہے۔

مظاہرہ کررہے سنیل تانتی، محمد وسیم عالم، منی دیوی، رام پری دیوی و دیگر نے یک زبان ہوکر کہا کہ حکومت کی طرف سے معذور اور بوڑھے افراد کو مالی امداد کے طور پر جو رقم دی جاتی ہے، اس کی ادائیگی تقریباً سال بھر سے نہیں کی جارہی ہے، اس لیے وہ اپنی ناراضگی کا اظہارکرنے کے لیے سڑکوں پر اترنے کو مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرام سیوک اندیشور داس گھوڑدوڑپنچایت آتے ہی نہیں ہیں اور اگر کبھی کہیں پر نظر آجاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ پیسہ نہیں آیا ہے، کچھ دنوں کے بعد پیسہ آنے والا ہے، اس کے بعد پنشن کی رقم بانٹ دی جائے گی۔

اس سڑک جام کی اطلاع بنما ۔ اٹہری بلاک کی بی ڈی او نوتن کماری کو دی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ایک پروگرام میں شرکت کررہی ہیں۔ اس کے بعد بلاک کے دوسرے سینئر اہلکار رندھیرپرساد کو پولس فورس کے ساتھ جائے وقوع پر بھیجا گیا۔ انہوں نے احتجاجی مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ اگلے دو دنوں کے اندر پنشن کی رقم کی ادائیگی کردی جائے گی۔ ان کی بات پر یقین کرتے ہوئے مظاہرین نے سڑک جام ہٹایا۔ قابل ذکر ہے کہ اس مظاہرے کے سبب سمری بختیار پور، رنگنیا، پہاڑپوراور اطراف کے علاقے کو پہلام، لچھمنیاں، کسمہی، سربیلہ، تلیاہاٹ، بنما، اٹہری اور ہتھمنڈل وغیرہ سے جوڑنے والی واحد سڑک کم وبیش تین گھنٹے تک بند رہی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *