سوپول سہرسہ نئی ریلوے لائن پر ٹرین کی آمد و رفت شروع

تین سال کے طویل انتظار کے بعد سوپول کے عوام کو ملی دوبارہ ریل کی سہولت۔ آج سے سوپول سہرسہ نئی ریلوے لائن پر ٹرین کی آمد و رفت شروع

سہرسہ(جعفرامام قاسمی)25 دسمبر2016 کوچھوٹی ریلوے لائن کو ہٹاک بڑی ریلوے لائن بچھانے کا کام شروع کیا گیا تھا جس کی تکمیل کے بعد آج اس ریلوے لائن پر ٹرین  کی آمد و رفت شروع کی گئی۔ آج بڑی ریلوے لائن کی ٹرینوں کی آمد و رفت شروع ہونے سے سوپول کے عوام میں خوشی کی لہردوڑگئی۔اس تاریخی اورپرمسرت موقع پرسوپول ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سمستی پور ریلوے زون کے ڈی آرایم مہیشوری پرساد’سوپول کے رکن پارلیمنٹ دلیشور کامت ، بہار قانون ساز  کونسل کے چیئرمین ہارون رشید، سوپول سے ممبر اسمبلی انیرودھ پرسادیادو’ضلع مجسٹریٹ مہندرکمار، ایس پی منوج کمار اور صدر ایس ڈی پی او عبد القیوم انصاری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اور سبھوں نے مشترکہ طور پر پھولوں سے مزین سواری گاڑی کو سوپول اسٹیشن سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔بعدازاں سبھوں نے اپنے خطاب میں سوپول کے عوام کوریلوے کی بڑی لائن کی سوغات دینے پر ریلوے بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ دلیشور کامت نے کہا کہ آج کا دن سوپول والوں کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر توانائی بجندر یادو کی شب و روز کی محنت سے آج کا یہ تاریخی اور پر مسرت دن سوپول والوں کے حصے میں آیا ہے۔

انہوں نے آگے کہا کہ وزیر ریل سے ہوئی ان کی بات چیت کے مطابق 31 دسمبر تک سہرسہ سے سرائے گڑھ  تک ٹرینوں کی آمد و رفت شروع ہوجائے گی۔ وہیں 31مارچ تک چھاتا پور ریلوے اسٹیشن تک ٹرین چلنی شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے دوران خطاب ریلوے بورڈ سے کلکتہ جانے والی ہاٹے بزارے، سہرسہ سے دہلی ہوتے ہوئے امرتسر جانے والی غریب رتھ اور پاٹلی پترا تک چلنے والی جن ہت اکسپریس کو سوپول سے چلانے کی مانگ کی۔ سوپول سے ممبر اسمبلی انیرودھ پرساد یادو نے بھی آج کےاس پر مسرت دن کو تاریخی دن بتایا اور کہا کہ بڑی لائن کی ٹرینوں کے چلنے سے سوپول ضلع مزید ترقی کرے گا۔ قانون ساز کونسل کے چیئرمین  ہارون رشید نے وزیر توانائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کی انتھک کوششوں کاثمرہ آج کا یہ تاریخی دن ہے۔ انہوں نے محکمہ ریل سے جلد لمبی دوری کی ٹرین سوپول سے چلانے کی مانگ کی اور ساتھ ہی یہ مانگ بھی رکھی کہ جب تک سوپول تک نئی گاڑی نہیں چلتی ہے تب تک سہرسہ سے پٹنہ جانے والی ٹرینوں کے میل میں سوپول سے سواری گاڑی دی جائے۔

سمستی پور زون کے ڈی آرایم مہیشوری پرساد نے کہا کہ سوپول سے باضابطہ ٹرینوں کی آمد و رفت شروع کرنے میں ابھی کچھ دقتیں آئیں گی کیوں کہ کچھ مقامات پر ابھی تک سگنل لائٹ نہیں لگ سکے ہیں۔ اس کو جلد پورا کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد ریلوے بورڈ سے اجازت لے کر اس ریلوے لائن پر باضابطہ ٹرینوں کی شروعات کر دی جائے گی۔ ویسے فی الحال ہم کوشش کر رہے ہیں کہ صبح کے وقت سوپول سے سہرسہ تک کے لیے ایک سواری گاڑی کی آمد و رفت شروع کی جائے تاکہ کچھ دنوں کے لیے سوپول والوں کی کچھ پریشانیاں دور ہو جائیں۔ اس موقع پر کئی سیاسی پارٹیوں کے ضلع صدور اور ریلوے کے افسران سمیت سوپول کے مقامی باشندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Facebook Comments
Spread the love
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

Leave a Reply