عثمان خواجہ کی نصف سنچری سے آسٹریلیا کی بنگلادیش پر جیت

 

عثمان خواجہ
عثمان خواجہ

بنگلورو، ۲۱؍ مارچ (سی این ایم) آسٹریلیا نے آج یہاں ایم اے چنا سوامی اسٹیڈیم میں آئی سی سی ٹی ۔۲۰ عالمی کپ کے ۲۲؍ ویں میچ میں اپنے سلامی بلے باز عثمان خواجہ کی شاندار بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش کو تین وکٹ سے ہرادیا۔ سوپر ۔۱۰ کے مرحلے میں گروپ ۔۲ کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے محموداللہ کی دھواں دھار بیٹنگ (۲۹ ؍ گیندوں میں ۴۹؍ رن) کی مدد سے مقررہ ۲۰؍ اووروں میں پانچ وکٹ کے نقصان پر ۱۵۶ ؍ رنوں کا اسکور کھڑاکیا۔اس میں شکیب الحسن کا ۲۵؍ گیندوں پر ۳۳؍ رن بھی شامل ہے۔آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم زمپا نے ۲۳؍ رن دے کر تین وکٹ لیے۔ بنگلہ دیش کے ذریعہ دیے گئے ۱۵۷؍ رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اترے آسٹریلیا کے سلامی بلے بازوں نے ٹیم کو مضبوط شروعات دی۔ اس میں عثمان خواجہ کی ٹی ۔۲۰ میں پہلی نصف سنچری شامل ہے۔ عثمان خواجہ نے ۴۵؍ گیندوں پر سات چوکے اور ایک چھکا کی مدد سے ۵۸؍ رن بنائے جبکہ واٹسن نے ۱۵؍ گیندوں پر دوچوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ۲۱؍ رنوں کا تعاون دیا۔ آسٹریلیا کی جیت میں گلین میکسویل (۲۶؍ رن ) کا بھی اہم رول رہا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے ۲۷؍ رن دے کر تین وکٹ حاصل کیے۔

عثمان خواجہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
واضح ہوکہ دونوں ٹیموں کے لیے آج کا میچ نہایت ہی اہم تھا۔ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی تھیں۔ آسٹریلیا کو اس کے پڑوسی نیوزی لینڈ نے شکست دی جبکہ بنگلہ دیش کو پاکستان کے ہاتھوں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ٹیمیں:
بنگلہ دیش:
سومیہ سرکار، محمد متھن، شبیر رحمن، شکیب الحسن، مشفق الرحیم(وکٹ کیپر)، محموداللہ، شواگتا ہوم، مشرف مرتضی (کپتان)، ثقلین سجیب، الامین حسین، مستفیض الرحمن

آسٹریلیا:
عثمان خواجہ، شین واٹسن، اسٹیون اسمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل، میشل مارش ، جیمس فاکنر، پیٹر نیول (وکٹ کیپر)، جان ہیسٹنگس، ناتھن کالٹر نیل، ایڈم زمپا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *