گجرات میں عظمت اولیاء کانفرنس۱۱؍ مارچ کو

جمعیۃ علماء کے ذریعہ تصوف کی راہ سے اتحاد امت کی کوشش
نئی دہلی:
اجمیر شریف میں اپنے ۳۳؍ویں اجلاس عام سے مشترک ملی مفادات و ضروریات کو حاصل کرنے کے لیے متحدہ جد وجہد کی اپیل کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند، ملک بھر میں عظمت اولیاء کانفرنس منعقد کررہی ہے۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے آئندہ ۱۱؍مارچ کو گجرات کے ساحلی علاقہ بھج کچھ میں عظمت اولیاء کانفرنس منعقد ہو رہی ہے ، جس میں خطے کی تین عظیم بزرگ شخصیات حضرت حاجی پیر شاہ زکریا ؒ ، حضرت شاہ محمد پناہ ؒ اور حضرت شاہ محمد مراد بخاری ؒ کی خدمات وتعلیمات سے عوام کو روشنا س کرایا جائے گا۔ اس موقع پران پر ایک کتاب بھی تیار ہوئی ہے۔ یہ کانفرنس جامعہ عربیہ ناگور روڈ بھج کچھ گجرات میں جمعیۃ علماء کچھ کے زیر اہتمام صبح ۹؍ بجے شروع ہو گی۔ اس میں مہمان خصوصی کے طور پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمو دمدنی اور حاجی سید واحد حسین چشتی انگارہ شاہ گدی نشین آستانۂ عالیہ وسکریٹری، انجمن خدام خواجہ صاحب سید زادگان درگاہ شریف، اجمیرہوں گے۔
ملک بھر میں اس طرح کی کانفرنس کے انعقاد کے ذریعے جمعیۃ علماء ہند، تصوف اور اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عام کرنے کی راہ سے اتحاد کی جد وجہد کو آگے بڑھا رہی ہے ،کیونکہ حقیقی تصوف مخلوق سے محبت اور مخلوق کی خدمت کا آئینہ دار ہے۔ اللہ کے ولیوں نے امن وامان محبت اور اعلی انسانی قدروں کی وہ لافانی روشنی پھیلائی جس میں دشمن دوست بنے، غیر اپنے ہوئے، دوریاں قربتوں میں بدلیں، کیونکہ ان کا پیغام تھا کہ نفرت کو نفرتوں سے نہیں محبتوں سے مٹایا جاسکتا ہے، آگ کو آگ سے نہیں پانی سے ہی بجھایاجاسکتا ہے اور ظلم کا جواب ظلم نہیں رحمت سے دیا جاسکتا ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی جو ان دنوں اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں چار سو کوس میں پھیلے ہوئے کچھ کے مختلف علاقوں کے دورے پر ہیں، انہوں نے کہا کہ یہاں مسلمانوں کے تمام طبقات میں ان بزرگ شخصیات کی کافی محبت و عظمت ہے، اس لیے لوگوں میں اس کانفرنس کے لیے بڑا جوش وخروش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃعلماء ہند کا وفد بھچاو، دھمڑکا واطراف، پیراجرکھ پور، سدھری ابڈاسا، نکھترانہ، انجاروغیرہ کا دورہ کر چکا ہے اور ہر طرف اس کانفرنس کا استقبال ہو رہا ہے۔ اس وفد میں حاجی نور محمد رائما جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کچھ گجرات، مولانا ابو دجانہ، مفتی انیس احمد نگراں جمعیت چلڈرن ولیج انجار، محمد بھائی آگریا، مولانا شریف، ماسٹر سلیم، مولانا غلام صاحب مہتمم جامعہ عربیہ ناگور روڈ، مولانا ابوالحسن پالن پوری شریک تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *