بی جے پی دلت، آدیباسی مخالف ہے: کانگریس

پٹنہ(نامہ نگار):
بہار پردیس کانگریس کمیٹی کے ترجمان لال بابو لال نے بی جے پی پر دلت اورآدیباسی مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے یہ پارٹی مرکز میں برسراقتدار آئی ہے ، دلتوں اور آدیباسیوں کو سیاسی حصہ داری سے محروم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمارکے اس موقف کی پوری حمایت کرتے ہیں کہ جھارکھنڈ کاوزیر اعلیٰ کسی مقامی شخص کو ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ریاست میں آدیباسی پس منظر کے سیاست دانوں کو وزیر اعلیٰ بنانے کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہیمنت سورین کو جھارکھنڈ کا وزیر اعلیٰ بنایا ، لیکن بی جے پی وہاں اکثر غیر آدیباسی یا پھر ریاست سے باہر کے لوگوں کو اقتدار سونپتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور آدیباسیوں کو یہ بات ماننا ہوگی کہ کانگریس کے دور اقتدار میں انہیں جو مقام ومرتبہ ملا، وہ دوسری کوئی پارٹی دے ہی نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں کانگریس نے سشیل کمار شندے کو اقتدار سونپا تھا۔ وہ دلت ہیں۔ انہوں نے دلتوں اور آدیباسیوں سے اپیل کی کہ آئندہ سال کئی ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں وہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے کانگریس کے ہاتھ کو مضبوط کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *