کتابوں کی خریداری سے ادیبوں کو حوصلہ ملتا ہے: ارتضٰی کریم

قومی اردو کونسل میں تھوک خریداری اسکیم کی میٹنگ کا انعقاد

نئی دہلی: قومی اردو کونسل کی یہ اسکیم اردو کے ادیبوں و شاعروں کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے انہیں کافی حوصلہ ملتا ہے۔ قومی اردو کونسل کا یہ مقصد ہے کہ اردو میں معیاری کتابیں زیادہ شائع ہوں اور اردو زبان میں ادب کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی وافر تعداد میں مواد دستیاب ہو۔ تھوک خریداری اسکیم کے تحت بھی ہم نے سائنس، سوشل سائنس،طب، عام معلومات، تعلیم و تربیت وغیرہ کے موضوعات پر چھپی کتابوں کو ترجیح دی ہے۔ یہ باتیں قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے قومی اردو کونسل میں منعقدہ کتابوں کی تھوک خریداری اسکیم کی میٹنگ میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نہ صرف کتابوں کی تھوک خریداری کرتے ہیں بلکہ رسائل و جرائد کی بھی خریداری کی جاتی ہے۔ اردو کے پرانے رسائل جو ایک طویل مدت سے شائع ہورہے ہیں ان کی اشاعت کو جاری رکھنے کے لیے بھی کونسل ایک دوسری اسکیم لانے کی کوشش کرے گی اور اس بابت آئندہ غور و خوض کیا جائے گا۔اس میٹنگ میں اردو، عربی، فارسی کی تقریباً۱۵۰؍ سے زائد کتابوں کی تھوک خریداری کو منظوری دی گئی، جن میں تخلیقی ادب، شاعری، سوانح، ادب اطفال، لغات، سائنسی و سماجی علوم، عام معلومات، تنقید و تحقیق اور صحافت کے موضوعات کے علاوہ رسائل و جرائد بھی شامل ہیں۔
میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے چندربھان خیال نے کہا کہ پرانے رسائل ایک کے بعد ایک بند ہوتے جارہے ہیں اور جو رسائل آج جاری ہیں وہ بھی شدید مالی دشواریوں کا شکار ہیں ۔ ان کی اشاعت جاری رکھنے کے لیے کونسل کو ضروری اقدامات کرنے چاہیے۔
واضح رہے کہ قومی اردو کونسل اس اسکیم کے تحت پورے ملک سے شائع ہونے والی کتابیں خرید کر ملک کی مختلف لائبریریوں میں بطور ہدیہ ارسال کرتی ہے تاکہ عام اردو قارئین تک یہ کتابیں پہنچ سکیں۔
میٹنگ میں پروفیسر انورالدین، پروفیسر نعمان خاں، پروفیسر علیم اشرف خاں، پروفیسر شفیق اشرفی، چودھری ابن النصیر، ڈاکٹر منظر حسین، ڈاکٹر محمود فیاض، محترمہ صادقہ نواب سحر، حاجی محمد اقبال خاں کے علاوہ قومی اردو کونسل کے پرنسپل پبلی کیشن آفیسر ڈاکٹر شمس اقبال، اسسٹنٹ ڈائرکٹر محترمہ شمع کوثر یزدانی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد فیروز عالم، محترمہ ساجدہ بیگم، فرح دیبا، اقبال حسین اور ڈاکٹر شاہد اختر نے بھی شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *