کیمبرج پبلک اسکول کے طلبا نے ریاضی مقابلے میں دکھایا کمال

بیدر شہر کے معروف انگریزی میڈیم ’کیمبریج پبلک اسکول‘ کے طلباء نے جینیس ایبکاس سینٹر کے ضلع سطحی مقابلے میں ریاضی میں بہتر مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا، محمد نعمان حسین بن محمد ماجد حسین نے پانچویں مرحلہ میں تیسری اور دشا رانی بنت جگناتھ نے آٹھویں مرحلہ میں فرسٹ پوزیشن حاصل کی

محمد امین نواز
بیدر:
بیدر شہرکے معروف انگریزی میڈیم کیمبریج پبلک اسکول کے طلباء نے بیدر کے رنگ مندر میں منعقدہ جینیس ایبکاس سینٹر ضلع سطحی مقابلے میں ریاضی میں بہتر مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ایک تاریخی ریکارڈ بنایا ہے۔ کیمبریج پبلک اسکول کے طالبِ علم محمد نعمان حسین بن محمد ماجد حسین نے پانچویں مرحلہ میں تیسرا اور دشا رانی بنت جگناتھ نے آٹھویں مرحلہ میں پہلا مقام حاصل کیا۔ اس مقابلے میں گرونانک پبلک اسکول، میلنیم اسکول، گینا سدھا اسکول، فیوچر چائلڈ، گروکل بیدر و بھالکی سمیت ۱۵؍ اسکولوں کے کم وبیش ۳۵۰؍ طلباء نے حصہ لیا۔ کیمبریج پبلک اسکول کی معلمات انجم سلطانہ اور مارگریٹ میڈم نے طلباء کی رہنمائی کی۔ بیدر ضلع کے طلباء کے لیے اس طرح جینیس ایبکاس (ریاضی) کا ضلع سطحی مقابلہ پہلی مرتبہ منعقد ہوا جس میں کیمبریج پبلک اسکول کے طلباء نے شاندار مُظاہرہ کیا۔

بیدر: جینیس ابیکاس سینٹر کی جانب سے کیمبریج پبلک اسکول کے چیئرمین کو ٹرافی پیش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بیدر: جینیس ابیکاس سینٹر کی جانب سے کیمبریج پبلک اسکول کے چیئرمین کو ٹرافی پیش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

جینیس ابیکاس سینٹر کے بانی پروین کما رنے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کیمبریج پبلک اسکول کے چیئرمین محمد عبدالجبار کو ٹرافی دی اور مبارکباد پیش کی اور اسکول کے بچوں کو ان کی بہتر کارکردگی کے لیے سر ٹیفکیٹ اور میڈلس دیے۔ اس موقع پر محمد عبدالجبار نے صحافیوں کو بتایا کہ جینیس ابیکاس سینٹرکی جانب سے ریاضی کے مقابلے کے انعقاد سے بچوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم ہوتا ہے اور طلباء ان مقابلوں سے ذہین اور ریاضی میں ماہر بنتے ہیں۔ انہوں نے بیدر ضلع سطح پر اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کے لیے پروین کمار کی ستائش کی اور کہا کہ کیمبریج پبلک اسکول میں ان مقابلوں کی تربیت خصوصی طور پر دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن قبل ہمارے اسکول کے طلباء نے ضلعی سطح کی سائنسی نمائش میں بہتر سائنسی ماڈل پیش کرکے ناظرین سے خوب حوصلہ افزائی پائی اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہمارے طلباء کے ماڈلس کو سائنس سینٹر میں بطور اثاثہ رکھا گیا ہے۔ عبدالجبار نے مقابلے میں بہتر کارکردگی کرنے والے طلبا سمیت ان سبھی کو مبارکباد پیش کی جنہوں اس میں حصہ لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *