بچوں نے سجائی اپنی پارلیمنٹ

پٹنہ:
اسکولی بچوں نے یہاں اسمبلی کے انیکسی ہال میں اپنی پارلیمنٹ سجائی۔ اس کی صدارت مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے بہار اسمبلی کے اسپیکر وجے کمار چودھری نے کی۔ انہوں نے بچوں کو اسمبلی چلانے کے طور طریقے سمجھائے ۔ اس دوران بچوں نے اپنے حقوق کے بارے میں سوالات بھی پوچھے۔ انہوں نے اسمبلی اسپیکر سے پوچھا کہ منتخب نمائندے بچوں کے مسائل کو اٹھاتے ہیں یا نہیں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قانون بنانے کے عمل کے بارے میں بھی پوچھا۔ اسپیکر وجے کمار چودھری نے انہیں قانون بنانے کے طور طریقے سمجھائے۔ انہوں نے اپنی طرح کی اس انوکھی پارلیمنٹ میں شامل ہوئے ۱۵۰؍اسکولی بچوں کو یہ بھی بتایا کہ کس طرح مقننہ کے اراکین سوال پوچھتے ہیں اور ان کے سوالوں کا جواب دیا جاتا ہے۔

child-parliament

انہوں نے ’سیو دی چلڈرن ‘ کے زیر اہتمام منعقد اس پارلیمانی جلسے کو مفید، مؤثر اور معلومات افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہار اسمبلی کے ذریعے بنائے گئے اور آئندہ پاس ہونے والے قانون کو سماجی پہل سے ہی کامیابی کے ساتھ نافذ کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو اچھا ماحول دیے بغیر ان کی حالت میں بہتر ی نہیں لائی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں بہار اسمبلی متفق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچے سماج اور ملک کا مستقبل ہیں۔ اسپیکر وجے کمار چودھری نے کہا کہ بچہ مزدوری، بچپن کی شادی، جہیزاورنشہ خوری جیسی لعنتوں کے خاتمے کے لیے سماجی بیداری وقت کی ضرورت ہے۔ بچوں نے اپنی پارلیمنٹ میں اپنے اپنے علاقے میں بیت الخلا کی کمی، پینے کے پانی کی عدم فراہمی، بہتر تعلیم کی کمی، اسکولوں میں کمروں کی کمی اور کھلے میں بیت الخلا جیسے بنیادی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا اور اپنی اپنی آراء سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔ بچوں کی پارلیمنٹ میں بہار اسمبلی کے کئی اراکین نے بھی شرکت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *