مہنگائی سے عام لوگوں کا جینا محال: کانگریس

پٹنہ (نامہ نگار):
بہارپردیس کانگریس کمیٹی نے کہا ہے کہ ایک طرف مہنگائی سے عام لوگوں کا جینا محال ہو رہا ہے اور دوسری جانب مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی عوام کو ذات پات اور مذہب کے نام پر آپس میں لڑانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ پارٹی کے ترجمان ڈاکٹر آشوتوش شرما نے کہا کہ عام لوگوں کے منھ سے نوالے چھینے جارہے ہیں۔ کھانے کی تھالی سے دال کی کٹوری غائب ہوچکی ہے۔ لیکن مرکزمیں برسر اقتدار بی جے پی عام لوگوں کے مسائل سے بے پروا ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے میں اپنی پوری طاقت لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جس طرح ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلا کر خوشی محسوس کر رہی ہے، اس کے لیے تاریخ اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا دو سال پہلے جہاں کانگریس کے دور حکومت میں دال ۴۰؍ روپے فی کلوگرام ملتی تھی وہیں آج اس کی قیمت ۱۶۰؍ روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر یہ ترقی کا کون سا پیمانہ ہے کہ عام لوگوں کو دو وقت کھانے کے لالے پڑرہے ہیں۔ کسانوں کی سبسیڈی میں زبردست کٹوتی کی جارہی ہے اور دوسری جانب صنعتی گھرانوں کو بغیر سود کے قرض کے طور پر خطیر رقم مہیا کرائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دراصل ملک کی روح کو چوٹ پہنچانے کا کام کر رہی ہے۔
ڈاکٹر شرما نے کہا کہ ایک طرف جہاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کیا جارہا ہے، وہیں کسانوں کی فصلوں کے مناسب دام کا تعین نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ ملک کے عام لوگوں سے وابستہ مسائل کو اٹھانے کی بجائے مذہبی منافرت پھیلانے اور ذات پات کی سیاست کو ہوا دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی نچلے اور متوسط طبقوں کے بارے میں نہیں سوچتی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *