عہد شکنی اور دغا مسلمانوں کی بدبختی کا سبب: نازیہ الہیٰ

Kolkata News

کولکاتا، ۲۷ مارچ (پریس ریلیز):  یتیموں کے لیے مغربی بنگال میں کام کرنے والے ادارہ مجددیہ اناتھ فاﺅنڈیشن کا توسیعی منصوبہ رو بہ عمل ہے۔ فاﺅنڈیشن کی ایک اور شاخ کا افتتاح آج ۲۷ مارچ اتوار کو ہوڑہ کے بسنت پور میں پیرزادہ طٰہ صدیقی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس شاخ کو مغربی بنگال میں روحانی مرکز سمجھے جانے والے ۱۹ویں صدی کے بزرگ مجدد زماں حضرت ابوبکر صدیقؒ کے سب سے چھوٹے صاحبزادے سلطان الواعظین حضرت ذوالفقار علی صدیقؒ المعروف بہ چھوٹے حضور کے نام سے موسوم کیا گیا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے معروف سماجی کارکن اور فورم فار آرٹی آئی ایکٹ اینڈ اینٹی کرپشن کی سربراہ ایڈووکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے اپنے خصوصی خطاب میں احساس ذمہ داری، ادائیگی فرض، ایفائے وعدہ کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’سماجی او ر معاشرتی خدمات کے شعبہ میں مجددیہ اناتھ فاﺅنڈیشن بہتر کام کر رہا ہے، اس نئی شاخ کا افتتاح اس کا ثبوت ہے۔‘‘

اس ادارہ سے فیض اٹھانے والے طلبہ و طالبات کو مستقبل کا معمار قراردیتے ہوئے ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ ’’ہمیں حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ اس تعلیم پر عمل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ کوئی سا بھی علم ہو، وہ اس وقت تک بے فیض ہوتا ہے جب تک اس پر عمل نہ کریں۔ ہم اسلامی تعلیم کا جب تک بہتر نمونہ نہیں پیش کریں گے، ہم یوں ہی خوار و بدنام ہوتے رہیں گے۔‘‘

انہو ں نے طلبہ کے اندر احساس ذمہ داری، ایفائے عہد، احسان شناسی کو خالص اسلامی اور انسانی اوصاف قرار دیتے ہوئے اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ اخلاقیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نازیہ خان نے ہرمسلمان کو عہدشکنی، وعدہ خلافی، دغا، فریب جیسے اخلاقی جرائم سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ اس جلسہ میں مولانا محمد مہتاب حسین کے علاوہ دیگر افراد بھی شامل تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *