اختلافات کی باتیں امت کے لیے نقصان دہ ہے :مولانااشرف قادری

وسئی میں اتحاد کانفرنس سے علماء اکرام کا خطاب
70d3b97b-12c9-4474-9627-2f614f032d4cوسئی، مہاراشٹر(نور محمد خان)گذشتہ دنوں وسئی مشرق میں واقع اقصیٰ کامپلیکس میں مدرسہ تعلیم الاسلام ومدنی مسجد کی جانب سے اتحادکانفرنس کا انعقادکیا گیا جس میں تمام مکتب و فکر کے علماء اکرام نے اتحاد بین المسلمین،معاشرہ میں اصلاح جیسے متعدد موضوعات پر تقریر کی۔ کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحیدایمان افروز بیانات سے مستفیض ہوئے۔

مولاناقاضی محمد انور اشرف قادری نے اتحاد بین المسلمین کے موضوع پرلوگوں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رسولؐ اور قران ایک ہے، نماز روزہ حج زکوۃ کے تمام فرائض و سنت ایک ہیں تو ایسی صورت میں ہم الگ الگ کیوں ہیں ۔مولانا نے کہاکہ امت کو منقسم کر نے کے لیے مختلف تحریریں شائع کی جاتی ہیں جس کی ہمیں تحقیق کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ تحریر قرآن وحدیث کی روشنی میں ہے یا نہیں۔ پڑوسی کے حقوق پر مولانا نے کہا کہ پڑوسی مسلم ہو یا غیر مسلم ہو، سب کے حقوق ادا کرنا ضروری ہے لیکن ہم اس سنت پر عمل کرنے سے قاصر ہیں اور مسجدیں اللہ و رسولؐ کی تبلیغ کے لیے بنائی گئی ہیں لیکن آج مسجدوں سے اختلافات کی باتیں نشر کی جاتی ہیں جو امت کے لیے نقصان دہ ہے ۔ مولانا انور قادری نے مزید کہا کہ آج ہم مسلکی اختلافات کی بنا پر نبی کریمؐ کی تعلیمات کو بھول بیٹھے ہیں لہذا ہمیں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحدہونے کی ضرورت ہے۔

مولانا محمدعمر گجراتی نے معاشرے کے حالات پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریمؐ کا فرمان ہے کہ مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ وزبان سے دوسرا مسلمان محفوظ رہے اور ایک مسلمان کا خون ،مال وعزت و آبرو دوسرے مسلمان پر حرام ہے اور جو مسلمان دوسرے مسلمان بھائی کے ساتھ حسن سلوک کرے گا اس کے ساتھ اللہ بھی نرمی کا معاملہ فرمائے گا۔ مولانا عمر نے آخر میں کہا کہ جھوٹ سے ہونے والی تمام برائیوں سے بچنا چاہیے۔
مولانا محمدسرورمظاہری نے کہا کہ ہم وقت کے تقاضے کے ساتھ حالات حاضرہ پر متحد نہیں ہو پاتے ہیں یہ ہماری سب سے بڑی کمزوری ہے، علم دین سے نابلد ہیں جس کی وجہ سے ہمیں منتشر کرنے میں باطل طاقتیں کامیاب ہورہی ہیں۔ہمارے تمام مکتب فکر کے علماء اکرام نے اس کانفرنس سے جس طرح سے متحد ہونے کی دعوت دی ہے اس پر سبھی مسلمانوں کو لبیک کہنے کی ضروت ہے۔ الحاج عبدلستار و الحاج فیاض احمد کی سرپرستی میں منعقدہ اتحاد کانفرنس میں مولاناجلال الدین قاسمی اورمولانا محمد اسجد ندوی نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کی نظامت کے فرائض کو مولانا محمد یحیٰ اور حافظ ہدایت اللہ نے انجام دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *