پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

اترپردیش،اتراکھنڈپنجاب، گوا اور منی پور میں ہونگے انتخابات، ۴؍ فروری سے ۸؍ مارچ تک مختلف مراحل میں ووٹنگ ہوگی، ۱۱؍ مارچ کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا

نئی دہلی:
چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرکے اترپردیش، اتراکھنڈ، پنجاب ، منی پور اور گواکے لیے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ ان پانچ ریاستوں میں کل ۶۹۰؍ اراکین اسمبلی کا انتخاب ہونا ہے۔ انتخابی عمل میں کم وبیش ۱۶؍ کروڑ ووٹر اپنے حق کا استعمال کرسکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اتراکھنڈ، گوا اور پنجاب میں ایک مرحلے میں ووٹنگ ہوگی جبکہ منی پور میں دو اور اترپردیش میں سات مرحلوں میں ووٹنگ کا عمل پورا کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اور گوا میں ۴؍ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ اتراکھنڈ میں ۱۵؍ فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ منی پور میں دو مرحلے میں یعنی ۴؍ اور ۸؍ مارچ کو ووٹنگ ہوگی۔ اترپردیش میں سات مرحلوں میں ووٹنگ کا عمل پورا ہوگا۔ یہاں پہلے مرحلے میں ۱۱ ؍ فروری کو ۷۳؍ سیٹوں پر انتخابات ہونگے جبکہ دوسرے مرحلے میں ۶۷؍ حلقوں میں ۱۵؍ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تیسرے مرحلے میں ۱۹؍ فروری کو ۶۹؍ سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی اور چوتھے مرحلے میں ۵۳؍ حلقوں میں ۲۳؍ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے چھٹے مرحلے میں ۴۹؍ سیٹوں پر ۴؍ مارچ کو ووٹنگ کی تاریخ طے کی ہے جبکہ ساتویں اور آخری مرحلے میں ۸؍ مارچ کو کل ۴۰؍ سیٹوں پر انتخابات ہونگے۔ سبھی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کا کام ۱۱؍ مارچ کو ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی انتخابی نتائج کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔
انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی ان سبھی ریاستوں میں ضابطۂ اخلاق بھی نافذ ہوگیا ہے۔ اس کے مطابق ان ریاستوں کی حکومتیں عوام کو لبھانے کے لیے کوئی اعلان نہیں کرسکتیں۔ اب انتظامیہ اور پولیس کے اہلکاروں کا تبادلہ الیکشن کمیشن کی مرضی اور منشاء کے مطابق ہوگا، اس میں ریاستی حکومتوں کا کوئی رول نہیں ہوگا۔ انتخابی عمل کے دوران ضلع افسر الیکشن افسر کے رول میں ہوتے ہیں، وہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق کام کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *