داخلہ جاتی امتحانوں کے لیے مفت کوچنگ کلاسوں کا آغاز

رحمت عالم ویلفیئر سوسائٹی جے این یوکی پہل فارغین مدارس کے لیے ایک سنہری موقع
Coaching class at Darul Qalam

نئی دہلی،(نامہ نگار) مختلف یونیورسٹیوں میں داخلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے رحمت عالم ویلفیئر سوسائٹی جے این یو نے گذشتہ سال کی طرح امسال بھی مفت کوچنگ کلاسوں کا اہتمام کیا ہے۔ یہ کلاس خاص طور سے یونیورسٹیوں میں داخلہ پانے کے خواہشمند مدارس اسلامیہ کے فارغین کے لیے ہیں۔

ان کلاسوں کا اہتمام جامعہ نگر کے جوگابائی میں واقع دارالقلم، قادری مسجد میں ہفتہ اور اتوار کو بعد نماز ظہرکیا جاتا ہے۔ ان کلاسوں میں معلومات عامہ،حالات حاضرہ،ریاضیات،سائنس،انگریزی،عربی اور اردو پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ساتھ ہی طلباکو مواد بھی فراہم کرائے جاتے ہیں۔جے این یو سے شاہد رضاخاں،ندیم احمد،فہیم الدین،احمد رضا اور رفیق عالم باری باری سے کلاسیں لیتے ہیں۔کوچنگ کلاس کے کوآرڈینیٹر احمد رضا کے مطابق مفت کوچنگ کلاسوں کے دروازے بلاتفریق مسلک سبھوں کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔فی الحال تقریبا تیس طلبہ اس سے استفادہ کررہے ہیں۔انہیں موضوعات پڑھانے کے علاوہ امتحانات سے متعلق اہم نکات بھی بتائے جاتے ہیں۔

واضح ہو کہ رحمت عالم ویلفیئر سوسائٹی یونیورسٹی میں موجود طلبۂ اہل سنت کی ایک فلاحی تنظیم ہے جس کا قیا۲۰۱۰ء میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں عمل میں آیا تھا۔اس کے اہم مقاصد میں طلبۂ اہل سنت کو ایک پلیٹ فارم پر لانا،تصوف ،سلف صالحین کی وراثت اور اہل سنت والجماعت کے افکار ونظریات کا علمی حلقوں میں فروغ واشاعت شامل ہے۔تنظیم کے صدر غلام اختر کے مطابق اپنے قیام سے لے کر اب تک اس کے تحت بہت سارے فلاحی کام ہوئے ہیں جن کا خواظر خواہ فائدہ بھی ہوا ہے۔ان میں سرفہرست پچھلے دوسالوں سے طلبۂ مدارس کے لیے مفت کوچنگ کلاسوں کا اہتمام ،ان کی صحیح رہنمائی،یوپی ایس سی سے لے کر نیٹ جے آر ایف اور داخلہ جاتی امتحانات تک کی تیاری کے لیے مواد کی فراہمی،غیرمستطیع طلبہ کی مالی مدد، یونیورسٹیوں میں عید میلاد النبی اور بزرگان دین کی یاد میں محافل کا قیام اور خون عطیہ وغیرہ شامل ہیں۔اس تنظیم کی شاخیں جامعہ ملیہ اسلامیہ اور دہلی یونیورسٹی میں بھی ہیں۔گرمی کی تعطیل میں اس تنظیم سے وابستہ طلبہ اور اراکین مدارس اسلامیہ کا بھی رخ کریں گے اورطلبۂ مدارس کے اندر عصری تعلیم کے تعلق سے ایک بیداری مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *