انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھارت امریکہ ورکنگ گروپ کے 15ویں اجلاس پر مشترکہ بیان

 

نئی دہلی/ 28 مارچ 2018 پریس ریلیز

انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھارت امریکہ ورکنگ گروپ کے 15ویں اجلاس کے موقع پر بھارتی اور امریکی حکومتوں کی جانب سے جاری کردہ بیان کا متن:

انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھارت امریکہ مشترکہ ورکنگ گروپ کا 15واں اجلاس 27 مارچ 2018 کو نئی دہلی میں ہوا۔ اجلاس میں بھارتی وفد کی قیادت وزارت امور خارجہ کے جوائنٹ سیکرٹری جناب مہاویر سنگھوی اور امریکی دفتر خارجہ کی پرنسپل ڈپٹی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی ایلینا ایل رومینووسکی نے کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود نے انسداد دہشت گردی کے ضمن میں باہمی تعاون پر نمایاں پیش رفت کی۔

ورکنگ گروپ نے پوری دنیا اور دہشت گرد گروہوں سے متعلقہ خطوں میں ان کی جانب سے لاحق خطرات بشمول جنوبی ایشیائی خطے میں سرحد پار دہشت گردی کا جائزہ لیا۔ فریقین نے دنیا کے بعض انتہائی خطرناک دہشت گرد گروہوں اور افراد کے بارے میں معلومات کا تبادلہ موثر بنانے اور علاقائی و عالمگیر دہشت گرد تنظیموں کی مالیات اور کارروائیوں کو روکنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے وفود نے غیرملکی دہشت گرد جنگجوؤں کی جانب سے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمگیر کوششوں پر بات چیت کی۔ ورکنگ گروپ نے انصاف، نفاذ قانون اور انسداد دہشت گردی کی صلاحیتیں بہتر بنانے کی کوششوں نیز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2396 کے حوالے سے عالمگیر اور دوطرفہ تعاون پر بھی گفت و شنید کی۔

انسداد دہشت  گردی کے ضمن میں نامزدگیوں کے حوالے سے دسمبر 2017 میں ہونے والی امریکہ بھارت بات چیت کے تناظر میں وفود نے مقامی اور عالمی دہشت گردوں کی نامزدگیوں کے سلسلے میں موثر عملدرآمد یقینی بنانے کی کوششوں پر بات چیت کی۔ 2019 میں ہونے والے مشترکہ ورکنگ گروپ کے آئندہ اجلاس کی میزبانی امریکہ کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *