اجیت ڈووال کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات

(ہندوستان کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت ڈووال سعودی عرب کے وزیر دفاع محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کرتے ہوئے، تصویر : ایس پی اے)
(ہندوستان کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت ڈووال سعودی عرب کے وزیر دفاع محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کرتے ہوئے، تصویر : ایس پی اے)

ریاض، (ایس پی اے) ہندوستان کے قومی مشیر برائے سلامتی اجیت ڈووال نے بدھ کے دن سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق طرفین نے آپسی تعاون کے طور طریقوں اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
سعودی سرکاری ایجنسی نے اس ملاقات کی مزید تفصیلات نہیں بتائی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ۲؍اپریل کو دو روزہ دورے پر سعودی عرب جانے والے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے جب ۲۰۱۰ ء میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دورۂ ریاض کے بعد ہندوستان کے وزیر اعظم سعودی عرب کا سفر کریں گے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے پریس کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ریاض کا دورہ کریں گے جہاں دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان سالانہ ۳۹؍ ارب ڈالر سے زیادہ کی مالیت کا روبار ہوتا ہے۔ اس لحاظ سے سعودی عرب، ہندوستان کا چوتھا بڑا پارٹنر ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو خام تیل کی سپلائی کرنے والوں میں اس کا مقام پانچواں ہے۔ لیکن ریاض اورنئی دہلی کے مابین رشتوں کی نہایت ہی اہم کڑی سعودی عرب میں رہنے والے تقریباً ۳۰؍ لاکھ ہندوستانی ہیں جو وہاں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *