زندگی میں مسابقاتی مزاج کا کلیدی کردار: پروفیسر ایوب

نئی دہلی، ۲۱؍نومبر: جواہرلعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے شعبۂ عربی کی طلبہ تنظیم’ النادی العربی‘ کے زیر اہتمام اسکول آف لینگویجزکے کمیٹی روم میں دوسرا سالانہ انٹر یونیورسٹی مقابلہ برائے معلومات عامہ منعقد ہوا۔اس کی صدارت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبۂ عربی کے صدر پروفیسر تاج الدین ایوب ندوی نے کی،جبکہ نظامت کا فریضہ النادی العربی کے جنرل سکریٹری محمد سلیم نے ادا کیا۔

newsinkhabarاس موقع پر صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے پروفیسر تاج الدین ایوب ندوی نے کہا کہ مقابلہ جاتی پروگرام کا طلبہ کی مستقبل سازی میں اہم کردار ہے۔یہ ذہن ودماغ کے بند دریچوں کو کھولتاہے،علم ومعرفت کی نئی راہ سے روشناس کراتا ہے اور اس میں شرکت کرنے والوں کے دامن میں معلومات کا ذخیرہ انڈیل دیتا ہے۔

اس مقابلے میں جے این یو کے علاوہ دہلی یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علموں نے شرکت کی۔ تین تین طلبہ پر مشتمل کل ۱۲؍ ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ ہوا جس میں دو راؤنڈ میں سوالات پوچھے گئے۔اس میں پہلی اور دوسری پوزیشن پرجے این یو کی ٹیمیں رہیں جبکہ تیسری پوزیشن جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ٹیم کے حصہ میں گئی ، انعامات کی تقسیم ۱۸؍ دسمبر کو یوم عربی کے موقعہ سے ہوگی۔

مسابقاتی نتائج کے اعلان کے بعد شعبۂ عربی، جے این یو، کے صدر پروفیسر مجیب الرحمن نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کو منعقد کرنے کا مقصد عربی زبان وادب کا فروغ اور درسیات کے علاوہ طلبہ کو معلومات عامہ سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے النادی العربی کے ذمہ داران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم نے بہت قلیل مدت میں نہ صرف جے این یو کے اندر بلکہ پورے ہندوستان میں عربی پڑھنے والے طالب علموں کے اندر علم ومعرفت کی روح پھونکنے کا کام کرنے کے ساتھ ہی سیکھنے سکھانے کا نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔اخیر میں شعبۂ عربی، جے این یو کے استاذ ڈاکٹر محمد قطب الدین نے تمام حاضرین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس حوصلہ اور جذبہ سے طالب علموں نے اس پروگرام کو کامیاب بنایا ہے،امید ہے کہ مستقبل میں ہونے والے پروگرام مزید بہتر ہونگے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *