افغانستان و پاکستان کے زلزلہ زدگان سے جماعت اسلامی ہند کا اظہار ہمدردی

jamat-e-islamiنئی دہلی،۲۷؍اکتوبر: افغانستان ا ور پاکستان میں زلزلہ کی تباہ کاری میں تین سو سے زائد افراد کی ہلاکت پر امیر جماعت اسلامی ہند مولانا سید جلال الدین عمری نے شدید رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خاندان اور محرومین سے ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے کہا کہ زلزلے کے شدید جھٹکے ہندوستان کے بھی وسیع علاقے میں محسوس کیے گئے لیکن خدا کا شکر ہے کہ فوری طور پر کہیں سے کسی نقصان کی خبر نہیں ملی ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ ارضی و سماوی آفات جہاں انسانوں کے لیے درد و غم کی بے شمار داستانیں چھوڑ جاتی ہیں، وہیں جو لوگ ان حادثات سے محفوظ رہتے ہیں انہیں یہ بہت سنجیدگی کے ساتھ غور و فکر کی دعوت بھی دیتے ہیں کہ کائنات کا نظام جس فرماں روا کی مشیت کے تابع ہے اور جس کی مرضی سے چلتا ہے، انسان کو ہمہ وقت اس کی رضا کے حصول اور اس کے غضب سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
مولانا عمری نے کہا کہ اس طرح کے المناک مواقع پر متاثرین کے رنج و غم میں شریک ہونا اور ان کی ہر ممکن مدد کرنا اسلام کی تعلیم ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ ہماری حکومت نے اس سانحہ پر افغانستان اور پاکستان کے عوام کی مدد کی پیشکش کی ہے۔ امید ہے دیگر ممالک بھی اس طرف پیش قدمی کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *