جمعیۃعلماء ہند کی نشہ اور فحاشی مخالف مہم کے لیے باغپت میں میٹنگ

نئی دہلی،(پریس ریلیز):
جمعیۃ علماء ہند کے جنر ل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی سرپرستی میں سماجی برائی کو جڑسے اکھاڑپھینکنے کے لیے جمعیۃعلماء ہند کی نشہ اور فحاشی مخالف مہم ۲۰۱۷ء کے تحت پورے ملک میں پر وگرام منعقد کیے جارہے ہیں ۔اس کے ساتھ ہی جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام عظمت اولیاء کانفرنس کے انعقاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔حال میں جمعیۃ علماء کے بینر تلے نشہ وفحاشی مخالف مہم کے تحت میوات میں علماء نے متفقہ طور سے یہ عہد لیا کہ وہ ایسے شخص کا نکاح نہیں پڑھائیں گے جو شراب پیتا ہو اور اس کو بھی بیٹی نہیں دیں گے جس کے گھر میں بیت الخلاء نہ ہو ، جسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے ۔
اسی مہم کو باغپت میں شروع کرنے کے لیے جمعرات کو مدرسہ اسلامیہ عربیہ ٹانڈہ میں جمعیۃ علماء ضلع باغپت کے ز یر ا ہتمام مجلس منتظمہ کی میٹنگ منعقد ہوئی ، جس میں مرکزی دفتر سے مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃعلماء ہند، مولانا شفیق احمد قاسمی آرگنائزر جمعیۃعلماء ہند اور محمد جمال قاسمی ناظم دینی تعلیمی بورڈ شریک ہوئے ۔اس پروگرا م میں شادی بیاہ کی رسومات کے انسداد ، اصلاح معاشرہ اور مکاتب کے قیام سے متعلق خاص طور سے بات چیت ہوئی اور فیصلے ہوئے۔اس موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی نے سماجی برائیوں کے خاتمہ پر خاص طور سے مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عورتوں کے حقوق اور تعلیم ایک بنیادی ضرورت ہے ۔انہوں نے بے پردگی کو فحاشی کا ایک بنیادی سبب بتاتے ہوئے کہا کہ یہ صرف شرعی ہی نہیں بلکہ سماجی لعنت کا سبب ہے ، جو ہماری نسل نو تباہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکابراور اولیاء اللہ کی کرامات کے ساتھ ان کی دینی و سماجی خدمات کے پہلو کو بھی اجاگر کیا جائے ، اسی مقصد سے جمعیۃ علماء ہند پورے ملک میں عظمت اولیاء کانفرنس کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اولیاء و صوفیاء رحمہ اللہ کی محنتوں سے اسلام بر صغیر میں پھلا اور پھولا ، یقینی طور سے ان کی مخلوق سے محبت اور اچھے اخلاق اس میں بنیادی کردار تھے ،آج ہمیں اسی اچھے اخلاق و کردار کو بردران وطن کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔
مولانا عباس قاسمی صدرجمعیۃعلماء باغپت اور حافظ محمد قاسم وغیرہ نے منتظمہ کے اراکین سے مشورے کے بعد طے کیا کہ مارچ یا اپریل میں یہاں باغپت میں مرکزی ذمہ داروں کے مشورے کے بعد عظمت اولیاء کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ۔
اس کے علاوہ مولانا شفیق قاسمی اور مولانا جمال قاسمی نے بھی خطاب کیا ، مولانا محمد جمال قاسمی نے دینی مکاتب کے قیام اور طور طریقوں کے حوالے سے بات چیت کی ۔یہ اجلاس صبح دس بجے شروع ہوا، اس میں ضلع بھر سے اراکین شریک ہوئے ۔ حافظ محمد قاسم جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء باغپت نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ملک کے معروف نعت خواں مولانا قاری احسان محسن نے حمد و مناجات پیش کی اور ان کی دعاء پر مجلس اختتام پذیر ہو ئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *