شعبۂ عربی جے این یو کا دوروزہ قومی سمینار اختتام پذیر

اسکول آف لینگویجز کی ڈین پروفیسر ریکھا راجن کے ہاتھوں شعبۂ عربی کی ویب سائٹ بھی افتتاح
JNU Arabic seminar
نئی دہلی، ۲۹؍ مارچ (نامہ نگار) جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے شعبۂ عربی کے زیر اہتمام ’’جدید عربی ادب میں معاصر رجحانات‘‘ کے عنوان سے منعقدہ دوروزہ قومی سمینار کامیابی کے ساتھ آج اختتام پذیر ہوا۔ اس سمینارمیں مختلف موضوعات پرتقریباً ۹۰؍مقالات پڑھے گئے ۔ اس میں اساتذہ، طلبہ اور ریسرچ اسکالروں سمیت ہندوستان کی قریب۱۵؍ یونیورسٹیوں سے آئے مقالہ نگاراور مہمامان نے شرکت کی ۔

آخری نشست میں شعبۂ عربی جے این یو کی ویب سائٹ کا افتتاح اسکول آف لینگویجز کی ڈین پروفیسر ریکھاراجن نے کیا ۔انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ر یسرچ اسکالر اور طلبہ کی بڑی تعداد دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ در حقیقت غیر عرب ملکوں میں عربی زبان وادب کی تعلیم ایک مشکل امر ہے اورظاہر ہے جواس کو آسان کررہاہے تو وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے عربی زبان وادب کے میدان میں شعبۂ عربی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ اسکول آف لینگویجز اورہندوستان کے تعلیمی اداروں میں پہلا شعبۂ عربی ہے جس نے کامیابی کے ساتھ اپنی ایک آفیشل ویب سائٹ شروع کی ہے اور اس پر اپنی سالانہ میگزین’’ الدراسات العربیہ‘‘ کے گذشتہ شمارہ سمیت موجودہ شمارے کو بھی اپ لوڈ کردیا ہے۔یہ طلبہ کے ساتھ ہی اساتذہ اور ریسرچ اسکالر وں کے لیے بھی بہت کارآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آ ج کے زمانے میں ای میگزین کی بہت اہمیت ہے،اور خاص طور سے طالب علموں کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے قومی سمینار کے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین،اساتذہ اور طلبہ کومبارک باد دی ۔اس اختتامی تقریب میں سمینار اور جے این یو کے تعلق پراپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے شعبۂ عربی اے ایم یو کے ریسرچ اسکالر علی حر کرمپوری نے کہا کہ جے این یو آنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہر انسان کو زندگی میں ایک باراس یونیورسٹی میں ضرور آنا چاہیے اور یہاں علمی وتحقیقی ماحول سے مستفید ہونا چاہیے۔اس موقع پر پروفیسر اسلم اصلاحی، ڈاکٹر مظفر عالم اور پروفیسر سید جہانگیر نے بھی اپنے تاثرات اور خوشی کا اظہار کیا۔

واضح ہو کہ شعبۂ عربی جے این یو کا یہ دو روزہ قومی سمینار آل انڈیا عربک ٹیچر س واسکالرس ایسوسی ایشن کے اشتراک اورقومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی، جے این یو اور آئی سی سی آر نئی دہلی کے مالی تعاون سے منعقد ہوا۔سمینار کے اختتامی پروگرام کی نظامت کے فرائض اس کے ڈائریکٹر اور شعبۂ عربی کے صدر پروفیسر مجیب الرحمن نے انجام دیے جبکہ معاون ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد قطب الدین نے تمام نمائندوں ،مقالہ نگاروں اورشرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *