جج چھٹی پر، گیلانی کی ضمانت عرضی پر کل ہوگی سماعت

SAR Geelani

نئی دہلی، ۱۷ مارچ: دہلی کے پریس کلب میں ملک مخالف نعرے لگانے کے الزام میں گرفتار کیے گئے دہلی یونیورسٹی کے سابق لکچرر ایس اے آر گیلانی کی ضمانت عرضی پر دہلی کی عدالت میں کل، یعنی جمعہ کو سماعت ہوگی۔ اس پر سماعت آج ہی ہونی تھی، لیکن متعلقہ جج نے آج چھٹی لے لی تھی، اس لیے سماعت کو کل تک ٹال دیا گیا۔

گیلانی، جو اس وقت عدالتی حراست میں ہیں، نے کل پٹیالہ ہاؤس کورٹ رجسٹری میں کل ضمانت کے لیے نئی درخواست ڈالی تھی، جس پر آج ایڈیشنل سیشنز جج دیپک گرگ سماعت کرنے والے تھے، لیکن ان کے چھٹی پر چلے جانے کی وجہ سے اب یہ سماعت کل ہوگی۔ اس سے قبل ۱۹ فروری کو ایک مجسٹریل کورٹ نے گیلانی کی ضمانت عرضی کو خارج کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ گیلانی کو گزشتہ ماہ ۱۶ فروری کو حراست میں لیا گیا تھا۔

پریس کلب کے ایک پروگرام میں ایک گروپ نے مبینہ طور پر افضل گورو کی تعریف میں نعرے لگائے تھے، جس کے بعد دہلی پولس نے گیلانی اور دیگر نامعلوم لوگوں کے خلاف ایک کیس دائر کیا تھا۔ پولس نے اس پروگرام کی میڈیا کلپ دیکھنے کے بعد خود سے ہی اس کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر درج کیا تھا۔

ایف آئی آر درج کرنے کے بعد پولس نے دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر علی جاوید سے پوچھ گچھ کی تھی، جو کہ پریس کلب کے ایک ممبر ہیں اور انھوں نے ہی اس پروگرام کے لیے ہال بک کرایا تھا۔

ایس اے آر گیلانی کو سال ۲۰۰۱ میں بھی پارلیمنٹ حملے میں شامل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، لیکن ثبوتوں کی کمی کے باعث دہلی ہائی کورٹ نے اکتوبر ۲۰۰۳ میں انھیں رہا کردیا تھا، جس پر سپریم کورٹ نے بھی اگست ۲۰۰۵ میں اپنی مہر لگا دی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *