کٹیہار ریلوے اسٹیشن پر بم برآمد

کٹیہار، ۱۵؍نومبر(اسدالرحمن): کٹیہار ریلوے اسٹیشن پر کٹیہار ۔مالدہ ایکسپریس ٹرین کے ایک جنرل ڈبہ سے آج صبح ۱۴زندہ بم برآمد کیا گیا۔ اطلاع کے مطابق ریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف)کو وقت رہتے اس کی جانکاری مل گئی۔ اس کے بعد آرپی ایف اور گورنمنٹ ریلوے پولس (جی آرپی) کے اہلکار بم انسدادی دستہ کے ساتھ وہاں پہنچے اور بم سے بھرے کئی کارٹون کو برآمدکیا۔

بم انسدادی دستہ نے پاس ہی میں ریلوے کے میدان میں ایک ایک کرکے سبھی بموں کو ناکارہ کردیا۔ اس سے پہلے جیسے ہی آرپی ایف اور جی آرپی کے اہلکار بم انسدادی دستہ کے ساتھ کٹیہار ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر سات پر پہنچے لوگوں میں افراتفری مچ گئی۔ اس دوران بم انسدادی دستہ کے جوان کٹیہار ۔مالدہ ایکسپریس کے جنرل ڈبہ میں داخل ہوئے اور وہاں سے ۱۴زندہ بم برآمد کیا جس سے ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔ قابل ذکرہے کہ کٹیہار ریلوے اسٹیشن ملک کے اہم اسٹیشنوں میں شمار ہوتا ہے اور اس راستے سے کئی اہم ٹرینیں گذرتی ہیں۔ برآمد کیے گئے بم کے بارے میں آرپی ایف اور جی آر پی کے اہلکاروں نے بتایا کہ وہ دیسی ساخت کے تھے مگر بہت طاقتور تھے۔ان کے پھٹنے سے بڑا جانی ومالی نقصان ہوسکتا تھا۔

کٹیہار سمیت بہار کے مختلف علاقوں میں جس طرح سے مجرمانہ واردات پیش آرہی ہیں یا انہیں انجام دینے کی سازش رچی جارہی ہے، اس سے تو یہی لگتا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت حاصل کرنے والے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے ریاست میں نظم وقانون کی حکومت کو بحال کرنا ایک بڑی چنوتی ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *