جوٹ مل میں لگی آگ، لاکھوں کا نقصان

کٹیہار، ۲۴؍ نومبر(اسدالر حمن) : کٹیہار کے آربی ایچ ایم جوٹ مل میں آج شام تقریباً ساڑھے سات بجے آگ لگنے سے لاکھوں روپے کی مالیت کا نقصان ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق آگ اس وقت لگی جب مزدور ٹیزر مشین پر کام کررہے تھے اور مشین سے اٹھنے والی چنگاری نزدیک ہی رکھے خام مال کے ڈھیر پر جاگری۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ چنگاری آگ کے شعلوں میں بدل گئی۔

اس جوٹ مل کے منیجر تارک ناتھ چندرا کے مطابق اس حادثے میں کئی مشین بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے سے ۲۰؍ لاکھ روپے سے زیادہ کی مالیت کا نقصان ہوا ہے۔

اطلاع کے مطابق آگ لگنے کے بعد جوٹ مل میں کام کررہے لوگوں نے پہلے خود ہی اس پر -قابوپانے کی کوشش کی ، لیکن وہ ناکام رہے۔ اس کے بعد انہوں نے فائر بریگیڈ کو اس کی اطلاع دی لیکن آگ بجھانے والے عملہ کو جائے وقوع تک پہنچنے میں قریب ۴۵؍ منٹ لگ گئے۔ اس وقت تک آگ اپنا کام کرچکی تھی۔ جب سب کچھ جل کر خاکستر ہوگیا تو مل کے کارکنان اور پھر بعد فائر بریگیڈ کے عملہ نے دہکتے ہوئے شعلوں پر قابو پانے کی رسم ادا کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *