بہار کے ایک سابق وزیر کی بیوی آگ میں جھلسیں

کٹیہار، ۱۵؍نومبر(اسدالرحمن): بہار کے ایک سابق وزیر اورحالیہ اسمبلی انتخابات میں کدوا حلقہ سے این سی پی کے امیدوار ہیمراج سنگھ کی بیوی آج دن میں کھانا بناتے وقت آگ لگ جانے سے بری طرح جھلس گئیں۔

اطلاع کے مطابق شوبھا سنگھ کھانا بنارہی تھیں کہ اسی وقت کچن میں آگ لگ گئی جس کی لپیٹ میں وہ آگئیں۔ انہیں علاج کے لیے فوری طور پر کٹیہار میڈیکل کالج کے آئی یوسی میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ ۸۰ فیصد جل گئی ہیں اور ان کی حالت نازک ہے۔ شوبھا سنگھ کو بہتر علاج کے لیے پٹنہ ریفر کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ گیس سیلنڈر کا پائپ پھٹا ہوا تھا جس سے گیس کا رساؤ ہوا اور آگ لگ گئی۔ اس حادثے کی خبر سن کر مختلف پارٹیوں کے رہنماہیمراج سنگھ کوتسلی دینے اور ان کی ہرممکن مدد کرنے کے لیے کٹیہار میڈیکل کالج پہنچے۔ واضح ہوکہ ہیمراج سنگھ رابڑی دیوی کی حکومت میں سڑک تعمیرات کے وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۰۵ میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ کدوا اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس بار وہ این سی پی کی جانب سے انتخابی میدان میں تھے ۔ حالیہ الیکشن میں کانگریس امیدوار شکیل احمد خان کدوا اسمبلی حلقہ سے کامیاب ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *