نائٹ رائیڈرس نے رائل چیلنجر س کو ۵؍وکٹ سے ہرایا

یوسف پٹھان اور آندرے رسل نے کھیلی آتشی پاری

yusuf-pathan5
بنگلورو، ۲؍ مئی (سی این ایم) کولکاتانائٹ رائیڈرس نے آج آندرے رسل اور یوسف پٹھان کی دھماکہ دار بلے بازی کی بدولت رائل چیلنجرس بنگلور کے ہاتھوں سے جیت چھینتے ہوئے اسے پانچ وکٹ سے ہرادیا۔
نائٹ رائیڈرس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن جس طرح چیلنجرس کے کھلاڑیوں نے پہلے رن بٹورے اور بعد میں کونائٹ رائیڈرس کے چار بلے بازوں کو جلدی جلدی واپس پویلین بھیجا اس سے صاف لگ رہا تھا کہ کپتان گوتم گمبھیر نے غلط فیصلہ لیا ہے۔ لیکن پانچویں وکٹ کی شراکت داری میں جس طرح آندرے رسل اور یوسف پٹھان نے دھواں دھار بلے بازی کی، اس سے میچ کا پورا پانسہ ہی پلٹ گیا۔
آندرے رسل نے ۲۴؍گیندوں پر ۳۹؍ رن بنائے جبکہ یوسف پٹھان نے ۲۹؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے (ناٹ آؤٹ) ۶۰؍رنوں کی عمدہ اننگ کھیلی۔
اس سے پہلے رائل چیلنجرس نے ۷؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۸۵؍ رن بنائے جس میں کے ایل راہل اور کپتان وراٹ کوہلی کے ۵۲۔۵۲؍رن شامل ہیں۔ لیکن نائٹ رائیڈرس نے پانچ گیندیں باقی رہتے ہوئے اتنے بڑے ہدف کو پار کرلیا۔ یوسف پٹھان نے اپنی اننگ میں ۶؍ چوکے اور تین چھکے لگائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *