مدھوبنی، ۱۷؍نومبر: مدھوبنی ضلع میں واقع جے نگر بازار میں آج شام اس وقت دیکھتے ہی دیکھتے آٹھ افراد ہلاک ہوگئے جب ان پر ۱۱؍ ہزار وولٹ کا بجلی کا تار ٹوٹ کر گر گیا۔اس حادثے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شام کو بڑی تعداد میں عقیدتمند چھٹھ کی پوجا پاٹھ کے لیے گھر سے نکلے تھے۔ چھٹھ کی روایات کے مطابق وہ غروب ہوتے ہوئے سورج کی پوجا کرنے جارہے تھے کہ اسی دوران اچانک بازار کی سب سے اہم سڑک پر وکی کرانہ نامی دکان کے پاس بجلی کا تار ٹوٹ کر گرپڑا۔ اس کی لپیٹ میں کم وبیش درجن بھر افراد آئے جن میں سے آٹھ کی جائے وقوع پر ہی موت ہوگئی۔ زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال میں پہنچایا گیا، جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
