ڈرینج سسٹم کے کام میں سست روی کے خلاف مجلس کا احتجاج

بلدیہ کے وارڈ نمبرایک کے مجلس اتحاد ا لمسلمین سے رکن بلدیہ نے راستہ روکو احتجاج کیا
محمد امین نواز
بید ر:
قدیم شہر اور نیو سٹی میں یو جی ڈی (انڈر گراؤنڈ ڈرینج) کا کام سست رفتار ی سے ہورہا ہے اور قدیم شہرمیں جگہ جگہ بڑے پیمانے پر دھول کے اڑنے سے یہاں لوگوں کا جینا محال ہوگیا ہے۔ فضا ئی آلودگی کے سبب کئی افراد دمہ اور ٹی بی جیسے امراض کا شکار ہوگئے ہیں۔ خصوصی طورپر بلدی وارڈ نمبرایک میں سڑک کی کشادگی کو لے کر مکانات کے سامنے والے کٹوں کو بلدیہ بیدر کی جانب سے منہدم کردیا گیا اور یو جی ڈی کے کاموں کی انجام دہی کے باوجود بھی یہاں کی سڑکیں دھول سے بھری پڑی ہیں جہاں راستہ چلنے والوں کو انتہائی تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان خیالات کا اِظہار آج شاہ گنج دروازہ روڈ پر وارڈ نمبرایک کے مجلسی رکن بلدیہ محمد عبدالعزیز منا بھائی نے وارڈ نمبرایک کے عوام کے ساتھ راستہ روکو احتجاج کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

راستہ روکو احتجاج کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے لیڈران و کارکنان
راستہ روکو احتجاج کرتے ہوئے مجلس کے لیڈران و کارکنان

انہو ں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوگئی ہے۔ خصوصی طورپر بیدر شہر کی ترقی کے نام پر بجٹ منظور کرنے کا اعلان ہوتا ہے مگر اس ضمن میں کام صفر کے برابر ہے جس سے معلوم یہ ہوتا ہے کہ ’’کھیل ختم پیسہ ہضم نتیجہ صفر کے برابر ‘‘مترداف ہے۔راستہ روکو احتجاج تقریبا آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ شاہ گنج دروازہ پر ٹریفک روک دی گئی تھی۔ مجلسی رکن بلدیہ بیدر محمد عبدالعزیز منا بھائی کے اس راستہ روکو احتجاج کی بیدر بہوجن سماج پارٹی کے قائد محمد جعفر نے بھی اپنے حامیوں کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوکر تائید کی ۔ مظاہرین نے بیدر ضلع انچارج منسٹر ایشور کھنڈرے اور بیدر کے رکن اسمبلی محمد رحیم خان اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا کی حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔مجلسی بلدیہ بیدر کے کمشنر نے راستہ روکو احتجاج کے مقام شاہ گنج دروازہ پہنچ کر مجلسی رکن بلدیہ بیدر محمد عبدالعزیز منا بھائی سے ملاقات کی اور اس ضمن میں یقین دلاتے ہوئے بات کی اور کہا کہ آپ کے تمام مطالبات کو ڈپٹی کمشنربیدر کے روبرو پیش کیا جائے گا اور بیدر ضلع انچارج منسٹر ایشور کھنڈرے اور بیدر کے رکن اسمبلی محمد رحیم خان کے سامنے بھی مسائل کو پیش کیا جائے گا ۔اس موقع پر محمد عبدالعزیز منا بھائی مجلسی رکن بلدیہ مختلف مطالبات پر مبنی ایک یادداشت بیدر کے ڈپٹی کمشنر کے نام بیدر سٹی میونسپل کمشنرکے توسط سے پیش کیا ۔اسی طرح محمد جعفر بی ایس پی لیڈر نے بھی علیحدہ طورپرمختلف ترقیاتی کاموں سے متعلق یادداشت مجلسی بلدیہ بیدر کے کمشنر کے توسط سے بیدر کے ڈپٹی کمشنر کے نام یادداشت پیش کی ۔ راستہ روکو احتجاج پر پولیس کا معقول انتظام دیکھا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *