ابھیجیت مکھرجی کے ہاتھوں ایمبولنس سروس کا آغاز

Abhijit Mukherjeeلمبی مسافت کی منزل کا آغاز پہلا قدم ہی ہوتاہے: نازیہ الہیٰ خان
ہگلی، (پریس ریلیز):
مغربی بنگال میں مسلمانوں کے روحانی مرکز ہگلی ضلع میں واقع فرفرہ دربارشریف میں ۱۸ فروری کو ضلع کے غریب اور نادار مریضوں کے لیے ایمبولنس سروس کا آغاز صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے صاحبزادے اورایم پی ابھیجیت مکھرجی کے ہاتھوں ہوا۔ اس موقع پر پیرزادہ طٰہ صدیقی، خانقاہ سے وابستہ معززین اور فورم فارآرٹی آئی ایکٹ اینڈ اینٹی کرپشن کی سربراہ معروف ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان بھی موجود تھیں۔
فرفرہ دربارشریف کے وسیع احاطہ میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پیرزادہ طٰہ صدیقی اور ایم پی ابھی جیت مکھرجی نے تحمل، بردباری، برداشت اور رواداری کے سلسلے میں کارآمد گفتگو کی اور ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کی فضا کو خراب کرنے والی قوتوں کو روکنے کے لیے عوام سے اپیل کی۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ خدمت خلق ایک ایسا وسیلہ ہے جس کے ذریعہ ہم انسان دوستی کا ثبوت دیتے ہیں۔ اگر ہمیں ملک میں اتحاد، اتفاق اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنی ہے تو ایک دوسرے کو برداشت کرناہوگا۔ ہمیں تحمل، بردباری اور رواداری کا ثبوت دینا ہوگا۔ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شامل ہوکر انسان دوستی کا عملی ثبوت پیش کرنا ہوگا، تبھی ہم دلوں سے فرقہ وارانہ نفرت اور کدورت ختم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی استطاعت اور لیاقت کے مطابق سوشل ورک کرسکتے ہیں، عوام کی خدمت کرسکتے ہیں، کوئی ضروری نہیں کہ ہم بہت بڑا کام کریں مگر اپنے حصہ کا کام ضرور کریں۔ اگر ایک بیمار کے علاج میں تعاون، ایک بھوکے کو کھانا اور ایک چہرے پر مسکان لادیں تویہی بہت بڑا کام ہے۔ ہم سوشل کاز کے لیے دوسرے پر انحصار نہ کریں، اپنی لیاقت اور صلاحیت کے مطابق بغیر کسی کا انتظار کیے ہوئے خود قدم بڑھائیں تو انشاءاللہ یہ ایک قدم لمبی مسافت کی منزل طے کرا دے گا۔

نازیہ الہیٰ خان نے اس جلسہ میں ابھیجیت مکھرجی کی شرکت پراپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہوتا ہے کہ وہ مغربی بنگال سے تعلق رکھتی ہیں جہاں کے پرنب مکھرجی ہندوستان کے صدر ہیں اور آج ان ہی کے صاحبزادے اور ایم پی ابھیجیت مکھرجی کے ہاتھوں فرفرہ دربارشریف کی ایمبولنس خدمات کا آغاز ہورہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *