مدھوبنی میں آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے دفتر کا ہوا افتتاح


مدھوبنی: آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کا بہار کے مدھوبنی ضلع دفتر کا افتتاح وارڈ نمبر17، مقامی باٹا چوک پر کارواں کے قومی صدر نظر عالم، امان اللہ خان، نیاز احمد (ریاستی نائب صدر، انصاف منچ) اور اشتیاق احمد (کونسلر) نے مشترکہ طور سے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے سب سے پہلے مدھوبنی ضلع کے نومنتخب ضلع صدر مظفر کمال راشد کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ بڑی بات ہے کہ انہوں نے کارواں کی ذمہ داری کو قبول کیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ کمال کارواں کے مشن کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور تعاون دیں گے۔ نظر عالم نے کہا کہ کارواں کا مشن اور مقصد اس ملک میں سول سوسائٹی بنانا ہے اور یہ کام ہم اکیلے نہیں کرسکتے، سماج کے پڑھے لکھے طبقے کو جوڑنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ تمام حضرات کو یہ بھی بتانا چاہیں گے کہ آل انڈیا مسلم بیداری کارواں جیسا کہ نام سے لگتا ہے محض مسلمانوں کے لئے نہیں ہے اس کا دروازہ ہرشخص کے لیے کھلا ہوا ہے۔ یہ بات خوب ذہن میں رکھنی ہوگی کہ یہاں نفرت نہیں چلتی۔ کارواں کے مدھوبنی ضلع دفتر کا آج افتتاح ہوا ہے۔ بہت سے لوگ کارواں سے جڑ کر خوشی محسوس کر رہے ہیں مگر یاد رہے آپ نے ایک ایسی راہ کا انتخاب کیا ہے جو کانٹوں سے بھری ہوئی ہے۔ آپ کو اسی سماج میں رہ کر سماج کی بھلائی کے لیے کام کرنا ہے۔ آپ کو ظلم کے خلاف صف بند ہوکر کھڑا ہونا ہے۔ غریب و نادار، کمزور و بے بس لوگوں کی ہرممکن مدد کرنی ہے۔ اپنے حلقہ کی خامیوں کی نشاندہی کرکے اسے دور کرنے کی کامیاب کوشش کرنی ہے۔ اس کے لیے اخلاص، سچائی، ایمانداری، قربانی کا جذبہ، یقین کی طاقت کی بیحد ضرورت پڑے گی۔ نظر عالم نے کہا کہ زمانہ آسانی کے ساتھ کسی کو تسلیم نہیں کرتا ہے مگر جب آپ سماج کی بہتری کے لیے لگاتار کام کریں گے تو یہی سماج جسے آپ کو تسلیم کرنے میں دشواریاں ہورہی تھیں اپنے سرآنکھوں پر بٹھائے گا۔

اس موقع پر انجمن اتحاد ملت کے بانی محمد امان اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کارواں کئی سالوں سے معاشرے کی بہتری کے لیے کام کر رہا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارواں کو میری جہاں بھی ضرورت ہوگی، کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ انصاف منچ کے ریاستی نائب صدر نیاز احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بڑی سیاسی پارٹی کے اعلیٰ لیڈران نے اقلیتوں اور دلتوں کو ٹھگنے کا کام کیا ہے۔ لیکن کارواں جس طرح سے معاشرے میں ہرطبقہ کی لڑائی سڑکوں پر لڑ رہا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ہمیشہ کارواں کے سبھی پروگراموں میں شریک ہوتا ہوں۔ کارواں کے قومی صدر نظر عالم ظلم و استحصال کے خلاف لڑائی لڑتے ہیں اور مظلوموں کو حق دلانے کا کام کرتے ہیں۔ آج کے دور میں ایسے مخلص رہنما کی قوم کو بیحد ضرورت ہے۔ ہم مدھوبنی ضلع کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ کارواں سے منسلک ہوں اور کارواں کے مشن کو مستحکم اور مضبوط بنائیں۔ سابق پرمکھ شمس الحق، فضل علی عرف ہیرا، مکھیا محمد بدرالہدیٰ بدر، پیکس صدر نوشاد عالم، روی سنگھ، پروفیسر جاوید، ادے جھا وغیرہم نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر رضوان عرف لڈو، جمیل احمد، شکیل احمد، طارق رضوی، معراج عرشی، منشی جمیل اختر، ہلال اختر، محمد افروز، وجے کمار جھا، مطیع الرحمن موتی، سرورعلی فیضی، ظفر کامران، زاہد حسین، محمد اشرف علی، طارق اقبال، محمد شاہنواز سمیت کثیر تعداد میں باوقار شخصیتوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت شاہ عماد الدین سرور اور نظامت کا فریضہ وارڈ کونسلر اشتیاق احمد نے انجام دیا۔ مہمانوں کا شکریہ نومنتخب مدھوبنی ضلع صدر مظفر کمال راشد نے ادا کیا۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *