عبدالرحیم قریشی کے انتقال پر مسلم پرسنل لاء بورڈ کا اظہار تعزیت

نئی دہلی، ۱۴؍جنوری(نامہ نگار):
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری و ترجمان محمد عبدالرحیم قریشی ،صدر آل انڈیا مجلس تعمیر ملت حیدرآباد ہمارے درمیان نہیں رہے، ان کی جدائی کا غم کسی فرد واحد یا مسلم پرسنل لا بورڈ ہی کے لیے نہیں ہے، بلکہ پوری ملت اسلامیہ ہند کے لیے ایک عظیم حادثہ اور بڑا خسارہ ہے۔
مسلم پرسنل لا بورڈ کے مرکزی دفتر دہلی میں محمد عبدالرحیم قریشی کی وفات پر ایک تعزیتی نشست بورڈ کے کارگذار جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں کارکنان دفتر بورڈ کی طرف سے مولانا محمد وقارالدین لطیفی نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ قریشی صاحب کی وفات کا حادثہ غیرمعمولی ہے، ملت کے عدالتی معاملات پر آپ کو بڑی مہارت حاصل تھی جو کم لوگوں کے اندر پائی جاتی ہے، چھوٹوں سے شفقت کا معاملہ، بڑوں کی تعظیم اور قوم کی خاطر جہد مسلسل اور بے لوثی کے ساتھ ساتھ تحریرو تقریر کے ذریعہ رضائے الٰہی کی فکر آپ کا ممتاز پہلو تھا۔ رکن مجلس عاملہ مولانا عتیق احمد بستوی کہاکہ ہمارے محترم قریشی صاحب ؒ مسلم پرسنل لا بورڈ کے قانونی ماہرین کے نہ صرف قائد تھے بلکہ عدالتی معاملوں میں دن رات محنت کرتے، مطالعہ کرتے اور پھر جواب تیار کرتے، میں نے دارالقضا ء کے مقدمات کی تیاری اور پیروی کے موقع پریہ دیکھا۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت سے مواقع پر ان کے انداز کار اور محنت سے بہت متأثر ہوا۔ وہ ایک نیک دل انسان تھے۔
رکن عاملہ بورڈکمال فاروقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی پوری ملت کو بڑی شدت سے محسوس ہوگی۔ ان کی بڑی خدمات ہیں اور یہ ملت کا بڑا خسارہ ہے، ہم سب مغموم ہیں۔ وہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے دست و بازو کی حیثیت رکھتے تھے، اللہ اس قوم پر رحم کرے اور ان کا بدل عطا فرمائے۔
صدارتی خطاب میں مولانا محمد ولی رحمانی نے کہا کہ محمد عبدالرحیم قریشی کسی ایک انسان کا نام نہیں تھا، ان کا درد اور ان کی تڑپ سبھی پوری ملت کے لیے وقف تھا۔ قریشی صاحب اپنی جوانی کے دور میں سید خلیل اللہ حسینی ؒ کی تحریک سے متاثر ہوئے اور ملی خدمات میں ایسے لگے کہ قریباً پچاس سالوں تک اس قوم کی خدمت اور بہتری کے لیے اپنا ایک ایک قطرہ خون سکھا یا اور اپنی جوان ہڈیوں کو گھلا دیا۔ آپ کی صلاحیتوں کو مولانا سید منت اللہ رحمانی،بانی مسلم پرسنل لاء بورڈ نے تاڑلیا اور وہ بورڈ کے لیے ایک مضبوط ستون ثابت ہوئے۔ ہمارے قریشی صاحبؒ سید خلیل اللہ حسینی صاحبؒ کے جذبۂ ایثار کی بھٹی میں تپے اور مولانا منت اللہ رحمانیؒ کی تربیت میں ایسے پروان چڑھے کہ پوری قوم کے لیے گوہر نایاب اور ملت کے لیے عظیم سرمایہ ثابت ہوئے۔
آپ کی خدمات کی بڑی طویل فہرست ہے۔ آپ کا جذبہ بڑا مبارک تھا، قانونی و عدالتی اور جمہوری معاملات میں بورڈ کی کامیابیوں میں بنیادی رول آپ کا ہوا کرتا تھا۔ بورڈ کی خدمات کے ہر حرف کے ساتھ آپ کا نام جڑا ہے۔ اللہ رب العزت آپ کی مغفرت فرمائے، کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے، پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اس کمزور ملت کو ان کا بدل عطا فرمائے۔
اس تعزیتی اجلاس میں قاضی محمد کامل قاسمی، مولانا محمد احتشام رحمانی ، مولانا خالد صابر قاسمی ،مولانا ارشد عالم ندوی، مولانا ممتاز عالم اورمحمد شمشیر وغیرہ شریک ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *